کراچی ۔29 اپریل (سیاست ڈاٹ کام ) پاکستان کرکٹ بورڈ نے پاکستان سوپر لیگ(پی ایس ایل) کے تیسرے ایڈیشن میں چھٹی ٹیم خریدنے میں دلچسپی رکھنے والوں کیلئے بولی کا اعلان کردیا ہے۔یاد رہے کہ رواں سال کے اوائل میں پی ایس ایل چیئرمین نجم سیٹھی نے ایونٹ کے 2018 کے ایڈیشن میں چھٹی ٹیم کے اضافے کا اشارہ دیا تھا۔ ڈومیسٹک کرکٹ میں کارکردگی اور صوبوں کی نمائندگی کی بنیاد پر پاکستان کرکٹ بورڈ نے پانچ علاقوں کے ناموں کا اعلان کیا ہے اور ان میں سے ایک کو پی ایس ایل فرنچائز کا درجہ دیا جائے گا۔ان پانچ علاقوں میں فیصل آباد، حیدرآباد، ڈیرہ مراد جمالی، فاٹا اور ملتان کے نام شامل ہیں۔ پی سی بی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ صرف تکنیکی بنیادوں پر اہلیت پر پورا اترنے والی بولی کنندگان کو اس عمل میں شرکت کی اجازت ہو گی۔