ویسٹ انڈیز کے کیساتھ سری لنکا، نیوزی لینڈ، جنوبی افریقہ کے اسٹارز شامل
کراچی ، 3 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) آئندہ سال فروری میں ہونے والی پاکستان کی پہلی ٹی ٹوئنٹی پاکستان سوپر لیگ(پی ایس ایل) کے افتتاحی ایڈیشن میں ویسٹ انڈیز کے کیرن پولارڈ اور سری لنکائی تلک رتنے دلشان سمیت متعدد اسٹارز شرکت کریں گے۔ فروری 2016ء کی اس لیگ میں پولارڈ سمیت ویسٹ انڈیز کے پانچ کھلاڑیوں کے ساتھ سری لنکا، نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقہ کے کھلاڑیوں نے بھی دلچسپی ظاہر کی ہے۔ پاکستانی ٹیم کے سابق چیئرمین نجم سیٹھی نے گزشتہ ہفتے اعلان کیا تھا کہ پاکستان سوپر لیگ کا انعقاد آئندہ سال 4سے 24 فروری تک قطر میں ہو گا جس میں کم و بیش 25 غیر ملکی کھلاڑی شرکت کریں گے۔ اس لیگ کے انعقاد کا مقصد پاکستانی کھلاڑیوں کو صف اول کے غیر ملکی کھلاڑیوں کے ساتھ کھلانا اور انہیں ایک مسابقتی فضا فراہم کرنا ہے، جس سے پاکستانی کھلاڑی 2009ء سے ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ نہ ہونے کی وجہ سے محروم ہیں۔ پاکستان نے 2013ء میں پہلی مرتبہ باقاعدہ ٹی ٹوئنٹی لیگ کرانے کا فیصلہ کیا تھا لیکن ملک کے حالات، مالی معاملات اور اسپانسرز کی عدم دلچسپی کی وجہ سے اسے دو مرتبہ ملتوی کرنا پڑا۔ تاہم مالی مسائل سے دوچار بورڈ نے اسے آئندہ سال قطر میں منعقد کرانے کا حتمی فیصلہ کیا۔ پی سی بی کے قریبی ذرائع کے مطابق اب تک ویسٹ انڈیز کے پانچ، تین سری لنکائی، نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کے دو، دو جبکہ ایک آسٹریلیائی کھلاڑی نے اس لیگ میں شرکت پر رضامندی کی ہے۔ نجم سیٹھی نے پی ایس ایل کے منصوبوں کے حوالے سے بتاتے ہوئے کہا کہ وہ 40 غیرملکی کھلاڑیوں سے رابطے میں ہیں اور ان میں 25 کو لیگ کیلئے سائن کئے جانے کی توقع ہے۔ ان میں 15 عالمی معیاری کھلاڑی ہوں گے۔ پی سی بی نے ابتدا میں متحدہ عرب امارات میں اپنی لیگ کے انعقاد کا فیصلہ کیا تھا ۔