پی ایس ایل فائنل کیلئے سخت ترین سیکیورٹی کا وعدہ

دبئی ۔8 فروری (سیاست ڈاٹ کام ) پاکستان سوپر لیگ کے حکام نے آئندہ ماہ لیگ کے لاہور میں منعقد ہونے والے فائنل کے حوالے سے بیرونی کھلاڑیوں کو تفصیلات سے آگاہ کیا۔پاکستان سوپر لیگ کے پہلے ایڈیشن کی طرح دوسرے ایڈیشن کا فائنل بھی دبئی میں کروانے کا فیصلہ کیا گیا تھا لیکن پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کی بحالی کیلئے پرعزم حکام نے اس سال ایونٹ کا فائنل لاہور میں کروانے کا اعلان کیا اور سات مارچ کو لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں ایونٹ کا فائنل کھیلا جائے گا۔دبئی میں منعقدہ اجلاس میں پانچوں فرنچائز کے نامور بیرونی کھلاڑیوں نے شرکت کی جہاں پی ایس ایل کے چیئرمین نجم سیٹھی نے کرکٹرز سے خطاب کرتے ہوئے انہیں پاکستان اور خصوصاً لاہور میں سیکیورٹی انتظامات سے آگاہ کر کے مطمئن کرنے کی کوشش کی۔پاکستان کرکٹ بورڈ نے کھلاڑیوں کو فول پروف سیکیورٹی کا یقین دلاتے ہوئے کہا کہ کھلاڑیوں کو سربراہان مملکت کی سطح کی سیکیورٹی فراہم کی جائے گی۔اس موقع پر سابق کپتان وسیم اکرم اور رمیز راجہ نے بھی کھلاڑیوں سے ملاقات کر کے انہیں بہترین سیکیورٹی کی فراہمی کا یقین دلایا۔پی ایس ایل چیئرمین نجم سیٹھی اس سے قبل کئی مواقع پر اس بات پر زور دے چکے ہیں کہ پی ایس ایل فائنل کیلئے خصوصی ڈرافٹ کا انعقاد کیا جائے گا اور صرف ان کھلاڑیوں کا انتخاب کیا جائے گا جو لاہور میں فائنل کھیلنے پر رضامندی ظاہر کریں گے۔رواں سال اوائل میں جب پاکستان سوپر لیگ کا فائنل لاہور میں کروانے کا حتمی اعلان کیا گیا تو کھلاڑیوں کی عالمی تنظیم فیکا نے پاکستان میں سیکیورٹی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا اور غیر ملکی کھلاڑیوں کو خبردار کیا کہ وہ پاکستان کا دورہ نہ کریں۔لیکن نجم سیٹھی نے اسے مسترد کرتے ہوئے فائنل کے لاہور میں انعقاد کا عزم ظاہر کیا تھا۔پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری پریس ریلیز میں کہا گیا کہ پی ایس ایل کو صف اول کے بین الاقوامی کھلاڑیوں نے لاہور میں فائنل کھیلنے کی تصدیق کر دی ہے اور پی سی بی پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کی بحالی کیلئے پرعزم ہے۔یاد رہے کہ سری لنکائی کرکٹ ٹیم پر دہشت گرد حملہ کے بعد سے پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ بند ہوچکی ہے اور اب پی سی بی کو اُمید ہے کہ پی ایس ایل 2 کے لاہور میں فائنل سے بین الاقوامی کرکٹ کی بحالی ہوگی۔

 

ٹسٹ کیلئے سخت ترین سیکوریٹی انتظامات
حیدرآباد ۔8 فروری (سیاست ڈاٹ کام )ہندوستان اور بنگلہ دیش کے مابین واحد ٹسٹ کے موقع پر سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے ہیں ۔ اپل کے راجیو گاندھی انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں تقریباً 1200 سکیورٹی اہلکار تعینات کئے جائیں گے۔ گاڑیوں کی تلاشی کیلئے خصوصی پوائنٹس کی تعمیر کے علاوہ مشتبہ سرگرمیوں پر نظر رکھنے کیلئے 56خفیہ کیمرے بھی مختلف مقامات پر نصب کئے جائیں گے۔ شائقین کو لائٹر، ماچس، سگریٹ، پرفیوم، کیمرے ، بیگ، بینرز، دور بین، ہیلمٹ اور دیگر غیر ضروری اشیاء اسٹیڈیم میں لے جانے کی اجازت نہیں ہوگی۔