پی ایس ایل فائنل پر پنجاب حکومت تذبذب کا شکار

لاہور۔23 فروری (سیاست ڈاٹ کام ) پنجاب حکومت 5مارچ کو پاکستان سوپر لیگ کے فائنل کے انعقاد کی اجازت دینے سے قبل دارالحکومت لاہور کی سیکیورٹی کا انتہائی باریک بینی سے جائزہ لے رہی ہے تاکہ کسی بھی خطرے کے پیش نظر پہلے سے تیاری کی جا سکے۔شائقین کرکٹ لاہور میں فائنل کے انعقاد کے اعلان کے بعد سے انتہائی پرجوش ہیں اور اس سلسلے میں کسی بھی قسم کی پیشرفت میں انتہائی دلچسپی لے رہے ہیں۔پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے پانچ مارچ کو دبئی کی جگہ لاہور میں فائنل کے انعقاد کے اعلان کے ساتھ ہی لاہور سمیت ملک کے چند اہم شہروں اور مقامات پر دہشت گرد حملوں کا سلسلہ شروع ہو گیا جس سے سیکیورٹی ایجنسیز کیلئے نئے چیلنج کھڑے ہو گئے ہیں۔وفاقی حکومت اور فوج نے پنجاب حکومت کو یقین دہانی کروائی ہے کہ تمام کھلاڑیوں کو بہترین سیکیورٹی فراہم کی جائے گی۔