پی ایس ایل فائنل لاہور میں کروانا بہت بڑا جوکھم : عمران خان

کراچی ۔28 فروری (سیاست ڈاٹ کام ) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے پاکستان سوپر لیگ (پی ایس ایل) کا فائنل لاہور میں کروانے کے فیصلے کو غیر دانشمندانہ قرار دے دیا۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں عمران خان نے کہا، پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کی واپسی کا خواہشمند مجھ سے زیادہ اور کوئی نہیں ہوگا، لیکن پی ایس ایل کا فائنل لاہور میں کروانا ایک بہت بڑا جوکھم ہے، جس کا کوئی فائدہ نہیں ہوگا۔ 1992 میں پاکستان کرکٹ ٹیم کو ورلڈ کپ جتوانے والے سابق کپتان نے مزید کہا کہ اسٹیڈیم کے اطراف سکیورٹی حصارمیں کھیلے جانے والے میچ سے ملکی سیکیورٹی پر حرف آئے گا۔ساتھ ہی انھوں نے اس خدشے کا اظہار کیا کہ اگر خدانخواستہ کوئی واقعہ پیش آگیا تو ہم اگلے ایک دہے تک پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کو خیرباد کہہ دیں گے۔ عمران خان نے پی ایس ایل فائنل کے لاہور میں انعقاد کے فیصلے کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے سوال کیا کہ پورا شہر بند کرکے میچ کروانے سے کیا حاصل ہوگا؟یاد رہے کہ گذشتہ روز پنجاب حکومت نے کابینہ کمیٹی اور سیکیورٹی اداروں کی مشاورت سے لاہور میں پی ایس ایل فائنل کے انعقاد کا فیصلہ کیا۔ پنجاب کے چیف منسٹر شہباز شریف نے پی ایس ایل فائنل کیلئے سخت ترین سیکیورٹی کوصد فیصد یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے عوام سے اس کو کامیاب بنانے کی اپیل کی تھی۔دوسری جانب پنجاب کے وزیرقانون رانا ثناء اللہ نے کہا کہ پنجاب حکومت نے پی ایس ایل فائنل کے حوالے سے تمام تیاریں مکمل کرلی ہیں اور فائنل 5 مارچ کو لاہور میں کھیلا جائے گا۔