لاہور۔31 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام ) پاکستان سوپر لیگ (پی ایس ایل) کی مختلف ٹیموں میں شامل تین غیر معروف انگلش کھلاڑیوں نے مکمل ٹورنمنٹ کھیلنے سے معذرت کر لی۔ اسلام آباد یونائیٹڈ میں شامل سیم بلنگز، پشاور زلمی کے کرس جارڈن اور کراچی کنگز کے جیمز وینس جنوبی افریقی لیگ سے معاہدے کی بناء پر پاکستان سوپر لیگ کا پورا ایڈیشن نہیں کھیلیں گے۔ پی ایس ایل 4 تا 23 فروری دبئی اور شارجہ میں کھیلا جائیگا اور جنوبی افریقی لیگ 21 فروری سے شروع ہو گی۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے ایک عہدے دار نے تصدیق کی ہے کہ تینوں انگلش کھلاڑیوں نے پی ایس ایل حکام کو اپنے فیصلے سے مطلع کر دیا ہے۔عہدے دار کے مطابق، تینوں کھلاڑی 17 یا 18 فروری کو جنوبی افریقہ روانہ ہوں گے۔ یاد رہے کہ پی ایس ایل حکام نے گزشتہ ہفتے لیگ کیلئے پانچ ٹیمیں منتخب کی تھیں اور اب انہوں نے تمام منتخب کھلاڑیوں کو دستخط کیلئے معاہدے بھجوانے شروع کر دئے۔ معاہدوں سے دستخط ہونے کے بعد معلوم ہو جائے گا کہ کتنے بیرونی کھلاڑی مکمل ٹورنمنٹ کھیلنے کیلئے دستیاب ہوں گے۔