لاہور۔23 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان سوپر لیگ کی ٹیم لاہور قلندرز نے کپتان اظہرعلی کو عہدہ سے ہٹاکر ان کی جگہ نیوزی لینڈ کے سابق کپتان برینڈن مکالم کو ٹیم کا نیا قائد مقرر کردیا ہے۔ عاقب جاوید نے لاہور میں پریس کانفرنس میں اظہرعلی کو عہدے سے ہٹا کر مکالم کو ٹیم کا نیا کپتان بنانے کااعلان کیا۔لاہور قلندرز کی جانب سے سوشل میڈیا پر جاری پیغام کے مطابق مکالم کو ٹیم میں شامل کر کے کپتان مقرر کیا گیا ہے جبکہ وہ ٹیم کے نگران بھی ہوں گے۔نئے کپتان مکالم نے اپنے بیان میں کہا کہ میں پی ایس ایل کا حصہ بننے پر خوش ہوں اور بالخصوص لاہور قلندرز میں شامل ہونے پر پرجوش ہوں جہاں بہترین کھلاڑی موجود ہیں۔لاہور قلندرز کو اظہرعلی کی قیادت میں پی ایس ایل کے پہلے سیزن کے ابتدائی مرحلے میں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا اور کرس گیل جیسے کھلاڑی اپنی روایتی بیٹنگ میں ناکام رہے تھے۔ لاہور قلندرز کے ڈائریکٹر عاقب جاوید نے کہا کہ اظہرعلی لاہور قلندرز ٹیم کا حصہ ہوں گے لیکن مکالم لاہور قلندر کی کپتانی کے لئے بہترین انتخاب تھے اسی لئے ان کے ساتھ دوسال کا معاہدہ کیا گیا ہے اور ان کے ساتھ مل کر ٹیم بنائیں گے۔علاوہ ازیں ایسے فیصلے کریں گے کہ پی ایس ایل کا دوسرا ایڈیشن لاہور قلندر کی ٹیم جیتے گی۔پی ایس ایل کا دوسرا ایڈیشن متحدہ عرب امارات میں اگلے سال فروری میں ہوگا۔