حیدرآباد۔15اپریل(سیاست نیوز) پیپلز پلازہ ‘ نکلس روڈ پرحیدرآباد سمر میلہ 2015کاڈپٹی چیف منسٹر جناب محمد محمود علی نے افتتاح کیا ۔ اس موقع پر منتظمین میلہ مرزا رفیق بیگ‘ ماجد بیگ‘ اعجاز بیگ ‘ محمد مسیح اور دیگر بھی موجود تھے ۔ بعدازاں میلہ منتظمین کو مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہاکہ شہر حیدرآباد آصف جاہی دور کی قائم کردہ سالانہ نمائش سے بھی سارے ملک میںشہرت ہے۔ اس قسم کے میلے کے ذریعہ حیدرآباد کی پہچان کو قائم رکھا جاسکتا ہے ۔ معیاری اشیاء کی فراہمی کا یقین دلاتے ہوئے چالیس دنوں تک چلنے والے میلے سے لطف اندوز ہونے عوام سے اپیل کی۔ حکومت اس قسم کے اقدامات کی ستائش کرتی ہے۔ نمائش کے طرز پر شروع کردہ میلے میںبچوں کے لئے کھیل کود کا ماحول فراہم کرنے پر بھی خوشی کا اظہار کیا۔ انہوں نے نکلس روڈ کو ٹورازم کے طرز پر بہترین تفریح گاہ کا درجہ دیتے ہوئے کہاکہ حکومت تلنگانہ نکلس روڈ‘ حسین ساگر جیسے مقامات کو مزید ترقی دینے کا منصوبہ رکھتی ہے جہاں پر عوام کو سیر وتفریح کے بہترین مواقع فراہم کئے جاسکیں۔جناب محمد محمو دعلی نے کہاکہ آج ہی کے دن مشہور پانی کا جہاز ٹائٹانیک ڈوب گیاتھا جس کی یاد میں حیدرآباد سمر میلہ منتظمین نے علامتی ٹائیٹنک تیار کرتے ہوئے مذکورہ جہاز کی تمام تفصیلات بھی اس میں درج کی ہے ۔