پیٹرسن کی انگلش ٹیم میں واپسی ہوگی؟

لندن ۔ 22 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) سخت حالات میں کیون پیٹرسن کے انگلش کیریئر کو ختم کیا گیا لیکن جارحانہ بیٹسمین نے امید ہنوز نہیں چھوڑی ہے اور انہیں یقین ہیکہ وہ اپنی ٹیم کی دوبارہ نمائندگی کریں گے۔ گذشتہ روز لارڈس کے میدان میں کھیلے گئے دوسرے ٹسٹ میں انگلینڈ کو 95 رنز کی شکست ہوئی ہے جس نے میزبان ٹیم کی حالیہ مہینوں میں ناکامیوں میں ایک اور اضافہ کردیا ہے۔ 34 سالہ پیٹرسن جنہوں نے ڈریسنگ روم میں کپتان الیسٹرکک کے بشمول دیگر کھلاڑیوں کے ساتھ ناخوشگوار حالات کی بناء پر ٹیم سے علحدگی اختیار کی ہے۔ ان کا کہنا ہیکہ وہ ٹیم میں واپسی کیلئے ہنوز کھلا ذہن رکھتے ہیں۔ پیٹرسن نے ’’بی ٹی اسپورٹ‘‘ سے اظہارخیال کرتے ہوئے کہا کہ میں دوبارہ انگلینڈ کی نمائندگی کا خواہاں ہوں لیکن اس کے لئے چند تبدیلیوں کی ضرورت ہے جس کے بعد ہی یہ ممکن ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ 12 ماہ میں ہمیں آسٹریلیا میں ورلڈ کپ ٹرافی حاصل کرنے کے علاوہ ایشیس کو واپس حاصل کرنے کے ہمراہ حریف ٹیم سے اپنا حساب برابر کرنے کا عزم لیتے ہوئے آگے بڑھنا چاہئے اور یہی ہمارا خواب ہونا چاہئے۔ پیٹرسن نے کہا کہ وہ ٹیم کے نوجوان کھلاڑیوں کے حوصلوں کو دوبارہ بلند کرنے میں مدد کرسکتے ہیں۔