پیٹرسن کو نظر انداز کرنا بورڈ کی بہت بڑی بھول: ہیڈن

لندن ؍ سڈنی ۔ 28ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام )آسٹریلیاکے سابق اوپنر میتھیو ہیڈن نے کہا ہے کہ انگلش کرکٹ بورڈ کیون پیٹرسن کو نظر انداز کرکے بہت بڑی بھول کر رہا ہے۔ ہیڈن نے ایک پروگرام میں کہا کے کیون پیٹرسن کی انگلینڈ ٹیم میں عدم موجودگی ایک بے تکی سی بات ہے اورکیون پیٹرسن کو انگلینڈ ٹیم کے ورلڈ کپ کے سکواڈ میں شامل نہ کر کے بہت بڑی بیوقوفی کی ہے۔دوسری جانب متنازعہ کھلاڑی پیٹرسن نے ان عزائم کا اظہار کیا ہے کہ وہ انگلینڈ ٹیم میں اپنی جگہ کو دوبارہ حاصل کرنے کا پختہ ارادہ رکھتے ہیں۔انگلینڈ اور ویلز کرکٹ بورڈ نے سری لنکا کے ساتھ ونڈے سیریز میں ٹیم کی مایوس کن کارکردگی کے بعد کپتان ایلسٹر کک کو کپتانی سے ہٹا کر ایان مورگن کو ورلڈ کپ کے لیے کپتان منتخب کیا جو فروری کے مہینے میں آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ میں کھیلا جا ئے گا۔ انگش بورڈ نے فیصلہ کیا ہے کہ کک ٹسٹ ٹیم کے بدستور کپتان رہیں گے۔ تاہم کک کو کپتانی سے ہٹانے کے علاوہ ونڈے ٹیم سے بھی باہر کر دیا گیا ہے۔ مورگن کو ونڈے ٹیم کا کپتان مقرر کئے جانے کے بعد کیون پیٹرسن نے سوشل میڈیا کے ذریعہ نئے کپتان مورگن کو پیغام بھیجا ہے جس میں انھوں نے مورگن کو انگلینڈ ٹیم کے نئے کپتان دی بننے پر مبارک باد دی اور ٹیم میں اپنی واپسی کی خواہش کا اظہار کیا۔