پیٹرسن انگلینڈ کی خاطر آئی پی ایل چھوڑنے بھی تیار

لندن ، 16 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) انگلینڈ کی ایک بار پھر نمائندگی کی خاطر کیون پیٹرسن بھاری لیگ آئی پی ایل کو چھوڑ کر کاؤنٹی کرکٹ میں شرکت کر سکتے ہیں جو اُن کیلئے واپسی کا سب سے اہم راستہ ہے۔ 34 سالہ کھلاڑی نے انگلینڈ کی جانب سے 104 ٹسٹ اور 136 ونڈے انٹرنیشنل میچز کھیل رکھے ہیں مگر انہیں گزشتہ چودہ ماہ سے انگلینڈ کی نمائندگی کا موقع نہیں مل سکا ہے کیونکہ انہیں آسٹریلیا میں انگلش ٹیم کی 5-0 سے عبرتناک ناکامی کے بعد برطرف کر دیا گیا تھا۔ پیٹرسن نے آئی پی ایل کی فرنچائز ’حیدرآباد سن رائزرز‘ سے آئندہ سیزن کیلئے معاہدہ کر رکھا ہے لیکن ایسا لگتا ہے کہ وہ اس معاہدے سے دستبردار ہو جائیں گے کیونکہ انہیں انگلش کرکٹ بورڈ (ای سی بی) کے نئے سربراہ نے بھی کاؤنٹی کرکٹ میں بہتر کارکردگی کے بعد ٹیم میں واپسی کی خوش خبری دی ہے۔ انگلینڈ کی ورلڈ کپ میں حالیہ ناکامی کے بعد پیٹرسن کی واپسی کا امکان روشن ہو گیا ہے۔