کریم نگر۔/25مارچ، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) موسم گرما میں مواضعات میں پینے کے پانی کے مسائل کی یکسوئی کیلئے نشاندہی کئے گئے کاموں کی منظوری کیلئے فوری تجاویز ارسال کریں۔ ضلع کلکٹر نیتو پرساد نے کلکٹریٹ سے ضلع کے تمام آر ڈی اوز، تحصیلداروں، ایم پی ڈی اوز، منڈل اسپیشل عہدیداروں کے ساتھ موسم گرما میں آبی مسائل، اراضی خریدی اسکیم، کلیانا لکشمی، آئی ایس ایل کی منظوری وغیرہ جیسے اسکیمات کی منظوری پر عمل آوری پر ویڈیو کانفرنس کے ذریعہ جائزہ لیا۔ اس موقع پر کلکٹر محترمہ نے کہا کہ ضلع میں موسم گرما میں آبی مسائل کے تدارک کیلئے حکومت سی آر ایف کے تحت 5.9 کروڑ، نان سی آر پی ایف کے تحت 22کروڑ ضلع کو منظوری دی ہے۔ اس کے لئے فنڈز کی قلت نہیں ہے۔
ایم پی ڈی اوز، آر ڈبلیو ایس اے ایز مشترکہ طور پر مواضعات کا دورہ کرکے آبی مسائل کی یکسوئی کیلئے ضروری کاموں کی نشاندہی کرکے فوری تجاویز ارسال کرنے پر منظوری دی جائے گی۔ متعلقہ اراکین اسمبلی، ایم پی پیز، زیڈ پی ٹیز، موضع کے سرپنچوں سے ربط کرکے ان سے بھی تجاویز لیکر ارسال کرنے کا مشورہ دیا۔ کھلے کنوؤں کی گہرائی، پینے کے پانی کا ٹرانسپورٹ، کنوؤں کو کرایہ پر لینا، پائپ لائنس کی مرمت جیسے کاموں کو فوری انجام دیں۔ ندیوں سے غیر مجاز ریت کی منتقلی کی روک تھام کیلئے ضلع میں ندیوں کی نشاندہی کرکے سرکاری طور پر فروخت کرنے کیلئے اقدامات کریں۔ فی کیوبک میٹر 550روپئے فروخت کریں ۔
گزشتہ میں منظور شدہ آئی ایس ایل کے کام جو اب تک شروع نہ کئے گئے ہوں اس کو منسوخ کرکے نئے طور پر منظوری کیلئے تجاویز ارسال کریں۔ ضلع میں ذات کا صداقت نامہ، آمدنی کے صداقت نامہ، درخواست گذار کو جلد جاری کرنے کی ہدایت دی۔ہر ماہ کے آخری ہفتہ کے دن مواضعات میں مارپو کے اجلاس منعقد کریں، اگر ہفتہ کے دن تعطیل ہو تو ایک دن قبل یعنی جمعہ کو لازمی طور پر منعقد کریں۔ اراضی خریدی اسکیم کی عمل آوری میں سرعت پیدا کریںاس کے لئے مختص فنڈس کو مکمل استعمال کریں۔ مالی سال کا اختتام ہورہا ہے اس لئے بینک قرضہ جات کی گراؤنڈنگ کریں۔ کلیان لکشمی و شادی مبارک اسکیم تمام اہل افراد کو فراہم کریں۔ اس ویڈیو کانفرنس میں جوائنٹ کلکٹر پوسومی باسو، ضلع ریونیو عہدیدار ٹی ویرا برہمیا، آر ڈی او چندر شیکھر، ضلعی عہدیداران و دیگر نے شرکت کی۔