پینے کے پانی کی قلت دور کرنے کے اقدامات

نارائن پیٹ /18 نومبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) نارائن پیٹ میں پانی کی قلت سے شدید طور پر متاثرہ وارڈ نمبر 5 میں بلدیہ کی جانب سے نئے بورویل کا افتتاح عمل میں آیا ۔ واضح رہے کہ وارڈ نمبر 5 میں ایک عرصہ دراز سے پانی کی شدید قلت کی وجہ سے یہاں کے عوام کو شدید مشکلات پیش آرہی تھیں ۔ متعلقہ وارڈ کی نومنتخبہ رکن بلدیہ ٹی آر ایس ، محترمہ ترنم بیگم کی مساعی سے اس وارڈ میں نہ صرف بورویل کی تنصیب عمل میں آئی بلکہ اس بورویل سے راست طور پر قریب میں واقع پانی کی ٹانکی کو پانی سربراہی عمل میں لائی جاری ہے جہاں سے پانی 24 گھنٹے عوام حاصل کرسکیں گے ۔ اس بورویل کا افتتاح صدرنشین بلدیہ شریمتی انسویا ، چندرکانت نے انجام دیا ۔ اس موقع پر متعلقہ وارڈ کی رکن بلدیہ محترمہ ترنم بیگم گندے چندرکانت ، سرفراز حسین انصاری ، ضلع سکریٹری کانگریس کمیٹی محمد اظہرالدین ٹی آر ایس قائد ، حافظ محمد فہیم ، خطیب و پیش امام مسجد حاجی خان پیٹ خواجہ حسین انصاری ، موظف نائب تحصیلدار کے علاوہ کمشنر بلدیہ مسٹر سمیا موجود تھے ۔ اس موقع پر شریمتی انسویا چندرکانت صدرنشین بلدیہ نارائن پیٹ نے بتایا کہ نارائن پیٹ کے تمام وارڈںو بالخصوص جہاں پانی کی قلت ہے پانی کی سربراہی کو یقینی بنانے کیلئے نئے بورویل کی تنصیب کے علاوہ قدیم بورویلوں کی درستگی کے بعد انجام دی جارہی ہے اور ہر وارڈ میں ایک منی پانی کی ٹانکی کی بھی تعمیر عمل میں لائی جارہی ہے ۔ جہاں سے وارڈ کے مکینوں کو 24 گھنٹے پانی دستیاب ہوگا ۔ ماقبل گرما میں پانی کی امکانی قلت کو دور کرنے کیلئے یہ اقدامات کئے جارہے ہیں ۔