پینے کے پانی اور زراعت کی سیرابی کیلئے موثر اقدامات

سنگاریڈی /20 جنوری ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) ریاستی وزیر آبپاشی مسٹر ٹی ہریش راؤ نے سنگاریڈی آئی بی گیسٹ ہاوز میں منعقدہ ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ضلع میدک میں وزیر اعلی کے چندر شیکھر راؤ پینے کے پانی اور زرعی شعبہ کی ترقی کیلئے پرنہیتا چیوڑلہ پراجکٹ کے تحت 9 ہزار کروڑ روپئے کی لاگت دو بڑے آبی پراجکٹ کی تعمیر کی منظوری دے دی ہے ۔ جس کے تحت 51 ٹی ایم سی پانی ذخیرہ کیا جائے گا اور تقریباً ساڑھے پانچ لاکھ ایکر اراضی کو سیراب کیا جاسکتا ہے ۔ دونوں ذخائر آب کی تعمیر سدی پیٹ کے موضع تڑکاپلی اور گجویل میں عمل میں لائی جائے گی ۔ ان آبی پراجکٹس کے ذریعہ سات اسمبلی حلقوں کے مواضعات کو پانی سربراہ کیا جائے گا ۔ نظام دور میں گھن پور آیاکٹ کی تعمیر عمل میں آئی جبکہ سابقہ حکمرانوں نے ضلع میدک کے گھن پور آیاکٹ کی تعمیر و مرمت کے کاموں میں ناانصافی کی ۔ انہوں نے کہا کہ واٹر گرڈ اسکیم کے تحت 4200 ہزار کروڑ سے 2400 مواضعات میں پینے کے پانی کے سربراہی کے اقدامات کئے جائیںگے ۔ مسٹر ٹی ہریش راؤ نے واٹر گرڈ اسکیم کی تفصیلات بیان کرتے ہوئے کہا کہ تلنگانہ حکومت دیہی علاقوں کیلئے یومیہ 100 لیٹر اور شہری علاقوں کے عوام کو یومیہ 130 لیٹر پانی کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا اور ریاست کے ہر گھر میں نل کنکشن کے ذریعہ پانی فراہم کیا جائے گا ۔ واٹر گرڈ پراجکٹ کے تحت ضلع میدک میں تین گرڈ میدک ، سنگاریڈی اور گجویل میں قائم کئے جائیں گے ۔ میدک واٹر گرڈ پر 1100 کروڑ روپئے سنگاریڈی واٹر گرڈ پر ایک ہزار کروڑ اور گجویل واٹر گرڈ پر 850 کروڑ روپئے صرف کئے جائیں گے ۔ میدک واٹر گرڈ کے تحت حلقہ اسمبلی میدک ، نارائن کھیڑ ، اندول ، سنگاریڈی واٹر گرڈ کے تحت سنگاریڈی ، ظہیرآباد اور پٹن چیرو اسمبلی حلقہ جات جبکہ گجویل واٹر گرڈ کے تحت حلقہ اسمبلی گجویل ، سدی پیٹ ، دوباک اور نرساپور کا احاطہ کیا جائے گا ۔ سنگاریڈی اور میدک واٹر گرڈ کو سنگور پراجکٹ سے پانی حاصل کیا جائے گا جبکہ ابتدائی طور پر گجویل واٹر گرڈ کو بی آر امبیڈکر سنچالا سروانتی واٹر پراجکٹ سے پانی حاصل کیا جائے گا ۔ میدک اور سنگاریڈی واٹر گرڈ کیلئے واٹر انٹکویل تعمیر کرنے کی غرض سے مجموعی طور پر 55 لاکھ روپئے مختص کئے گئے ۔ واٹر گرڈ کاموں کے ٹنڈرس کا عمل ماہ فروری کے پہلے ہفتے میں شروع ہوجائے گا اور اندرون دو سال اس پراجکٹ کو مکمل کرلیا جائے گا ۔ ضلع میدک کے جملہ 2400 مواضعات میں سے 912 مواضعات کو مختلف اسکیمات کے تحت پینے کا پانی سربراہ کیا جارہا ہے ۔ واٹر گرڈ پروگرام کے تحت ان 912 مواضعات میں واٹر ڈسٹری بیوشن لائینس کی تنصیب جدید کیلئے 430 کروڑ روپئے جاری کئے گئے ہیں ۔ ماباقی مواضعات میں واٹر گرڈ پروگرام کے ساتھ پانی کی لائین کی تنصیب عمل میں آئے گی ۔ انہوں نے کہا کہ واٹر گرڈ پروگرام کے تحت بلدیات اور صنعتی استعمال کیلئے پانی خصوصی طور پر مختص کیا جائے گا ۔ ہریش راؤ نے ضلع میدک کو انفرادی بیت الخلاء کی تعمیر کے شعبہ میں سرفہرست بنانے کا عزم ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ضلع میدک میں جملہ ساڑھے چار لاکھ مکانات دینی علاقوں میں ہیں ۔ جس میں سے 38 فیصد یعنی صرف 1.60 لاکھ مکانوں میں انفرادی بیت الخلاء کا نظم ہے ۔ ریاستی حکومت نے مرکزی حکومت کی امداد حاصل کرتے ہوئے انفرادی بیت الخلائیں تعمیر کیلئے 11 ہزار روپئے فی یونٹ رقم مقرر کی ہے ۔ انفرادی بیت الخلاء اسکیم محکمہ آر ڈبلیو ایس کی زیر نگرانی روبہ عمل لائی جائے گی اور اس اسکیم سے درمیانی افراد کی مداخلت کو ختم کرنے رقم راست طور پر استفادہ کندگان کے بینک کھاتوں میں جمع کردی جائے گی ۔ اس موقع پر پربھاکر ریڈی رکن پارلیمان میدک ، چنتا پربھاکر رکن ا سمبلی سنگاریڈی ، منوہر گوڑ ، زیڈ پی ٹی سی سنگاریڈی ، آر ستیہ نارائنا صدر ضلع ٹی آر ایس ، محمد جلیل الدین بابا ضلع صدر اقلیتی سیل ، مرلی یادو ، ایم اے سبحان سابق رکن بلدیہ ، سرینواس چاری ، نرہر ریڈی ، محمد لیاقت علی اور دیگر قائدین موجود تھے ۔
٭٭٭