پیغمبر اسلام حضرت محمد ؐکا پیغام امن، سلامتی، عدل اور انصاف پر مبنی

حریت کانفرنس سربراہ سید علی شاہ گیلانی کاسری نگر میں منعقدہ محفل سیرت سے خطاب

سری نگر ، 18نومبر (سیاست ڈاٹ کام ) بزرگ علیحدگی پسند رہنما اور حریت کانفرنس (گ) چیئرمین سید علی گیلانی نے کہا کہ پیغمبر اسلام حضرت محمد ﷺ کسی خاص قوم، قبیلے ، نسل یا عقیدے کے پیروکاروں ہی کے لیے نہیں، بلکہ تمام انسانیت اور تمام عالمین کیلئے رحمت بنا کر بھیجے گئے ہیں اور ان کا پیغام امن، سلامتی، عدل اور انصاف پر مبنی ہے ۔ گیلانی گذشتہ شام کُل جماعتی حریت کانفرنس کے اہتمام سے حیدرپورہ سری نگر میں منعقدہ پُروقار محفل سیرت سے صدارتی خطاب کررہے تھے ۔ تقریب کے دوران تحریک حریت جموں وکشمیر کے چیئرمین محمد اشراف صحرائی، جموں وکشمیر لبریشن فرنٹ کے چیئرمین محمد یاسین ملک ، حریت قائدین و مذہبی اسکالرس غلام نبی سمجھی، ایڈوکیٹ زاہد علی، مولاناالطاف حسین ندوی، مولوی بشیر عرفانی اور سید شمس الرحمان نے سیرت سرور عالم(ص) پر تفصیل سے روشنی ڈالی، جبکہ نظامت کے فرائض محمد رفیق اویسی نے انجام دیے ۔سیرتی مجلس میں امرتسر پنجاب میں ہوئے دھماکے میں تین افراد کی ہلاکت پر اپنے گہرے رنج وغم کا اظہار کیا گیا۔سید علی گیلانی نے موجودہ صورتحال پر بات کرتے ہوئے کہا کہ جموں کشمیر میں ظلم، جبر، بربریت اور سفاکیت کی حکومت چل رہی ہے جس کے تحت یہاں کی انسانی آبادی کے جملہ حقوق کو فوجی طاقت کی بنیاد پر سلب کردیا گیا ہے ۔ انہوں نے ریاست اور بیرون ریاست جموں کشمیر کے مظلوم قیدیوں کی حالت زار پر اپنی گہری تشویش اور فکرمندی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کو سیاسی اختلافات کی بنیاد پر فرضی الزامات کے تحت قید کرلیا گیا ہے اور ان کی نظربندیوں کو انتقام گیرانہ پالیسی کے تحت طول دیا جارہا ہے ۔