پیشہ ورانہ کالجوں میں داخلہ اور فیس میں فی الحال تبدیلی نہیں ہوگی

بیدر ۔ 9 ۔ جنوری ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) طلباء کی تنظیموں اور چند سیاسی پارٹیوں کی سخت مخالفت کے بعد ریاستی حکومت نے طلباء کے مفادات کی خاطر 2006 ء کے کرناٹک پیشہ وارانہ کالجوں میں داخلہ اور فیس اضافہ کے ضوابط کو سال 2014 – 15 کے تعلیمی سال سے نافذ کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ اپنے کابینہ وزراء اعلی افسران کے ساتھ تبادلہ خیال کے بعد وزیراعلی سدارامیا نے کہا کہ آنے والے تعلیمی سال کیلئے فیس میں کسی طرح کا اضافہ نہیں ہوگا ۔ وزیراعلی نے بتایا کہ ماہرین تعلیم اپوزیشن پارٹیاں والدین اور طلباء کی تنظیموں کے ساتھ تبادلہ خیال کرنے کے بعد حکومت 2006 ء کے قانون کو نافذ کرے گی ۔ اس کے علاوہ گزشتہ سال کی طرح ہی آنے والے تعلیمی سال میں بھی نجی پیشہ وارانہ کالجوں کے انتظامیہ اور اس کے ساتھ مذاکرات کرنے کے بعد سیٹوں کی تقسیم اور فیس ڈھانچہ مقرر کیا جائے گا ۔ وزیراعلی نے بتایا کہ 2006 ء کے سی ای ٹی ضوابط نافذ کئے جانے کی تجویز کو سابق وزیراعلی ایچ ڈی کمار سوامی ، ایڈی یورپا اور اس وقت کے وزیراعلی برائے اعلی تعلیم شنکر مورتی نے طلباء کے مفادات کے خاطر ہی پیش کی تھی ۔ انہوں نے یقین دلایا کہ نئے سی ای ٹی ضوابط کے نافذ کرنے کے باوجود سرکاری کوٹے کی سیٹوں میں کسی طرح کی کمی نہیں کی جائے گی ۔

حکومت نے ابھی فیس ڈھانچہ مقرر نہیں کیا ہے ۔ اس کے باوجود اس تعلق سے غلط فہمی کا شکار چند طلباء کی تنظیمیں احتجاج پر اترائے ہیں ۔ ان کی حکومت نے اقتدار پر آنے کے بعد نجی پیشہ وارانہ کالجوں کے انتظامیہ بورڈ کے ساتھ بات چیت کر کے 2013 – 14 سال کیلئے فیس ڈھانچہ اور سیٹ تقسیم سے متعلق معاہدہ کیا ۔ اس وقت انہوں نے اگلے تعلیمی سال سے سی ای ٹی ضوابط نافذ کرنے کی بات کہی تھی اور اس کو سیشن کے دوران منظوری بھی حاصل کی تھی ۔ اس وقت کسی نے اس کی مخالفت نہیں کی ۔ لیکن چند سیاسی پارٹیاں اپنے مفاد کے لئے اس کا غلط استعمال کررہے ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ فیس ڈھانچہ مقرر کرنے اور داخلہ کیلئے دو کمیٹیاں تشکیل دی گئی ہیں ۔ فیس ڈھانچہ مقرر کرنے والی کمیٹی نے ابھی اپنی رپورٹ پیش نہیں کی ہے ۔ اس لئے حکومت کو فیس ڈھانچہ مقرر کرنے میں تاخیر ہورہی ہے ۔ لیکن فیس اضافہ کی غلط افواہ پھیلا کر طلباء کو پریشان کرنے کے حربے استعمال کررہے ہیں وہ سراسر غلط ہے ۔ وزیر برائے اعلی تعلیم آر وی دیش پانڈے وزیر برائے طبی تعلیم ڈاکٹر شرنا پرکاش پاٹل وزیر برائے قانون و پارلیمانی امور ٹی بی جئے چندرا وزیر برائے دیہی ترقیاتی ، پنچایت راج ایچ کے پاٹل وزیر برائے تعمیرات عامہ ڈاکٹر ایچ سی ماہدیوپا کے علاوہ اعلی تعلیم میں تعلیم محکمہ قانون کے اعلی افسران اس اجلاس میں شریک تھے۔