پیشہ تدریس سے وابستگی ایک عظیم نعمت

گورنمنٹ جونیر کالج کورٹلہ میں تہنیتی تقریب سے اردو آفیسر محمد کلیم الدین کا خطاب
جگتیال۔/28 فروری، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) گورنمنٹ جونیر کالج کورٹلہ کے عملہ کی جانب سے ضلع جگتیال کے اردو آفیسر محمد کلیم الدین کی تہنیتی تقریب منعقد کی گئی ۔ تقریب کا آغاز حافظ عبدالمعید لکچرر کامرس کے ابتدائی کلمات سے ہوا۔ کالج کے پرنسپل محمد ظفر عالم خان نے کہا کہ اردو آفیسر کی حیثیت سے محمد کلیم الدین نے اپنی ملازمت کا جائزہ لینے سے قبل گورنمنٹ جونیر کالج میں معاشیات کے مضمون کے لکچرر کی حیثیت سے خدمات انجام دی۔ ان کی خدمات کی منفرد خصوصیت یہ رہی کہ 9 سال کی جملہ خدمات میں اردومیڈیم آرٹس گروپ نے پانچ مرتبہ ریاستی درجہ پر اول مقام حاصل کیا۔ بعد تہنیت عبدالمقیت موظف پرنسپل نے کہا کہ محمد کلیم الدین ایک قابل اور اپنے پیشہ سے انصاف کرنے والے معلم اور میرے رفیق شاگردوں میں سے ہیں۔ پرنسپل مٹ پلی محمد عابد علی نے کہا کہ تعلیمی زمانے ہی سے اس استاذ کا نظم و ضبط اور مضامین پر خصوصی گرفت حاصل کرنا ایک ذوق رہا۔ پرنسپل کتھلا پور غوث الرحمن پرنسپل ابراہیم پٹنم لکشمی نارائنا اور موظف پرنسپل عبدالواجد نے کہا کہ کلیم الدین کا اس ادارہ سے رخصت ہونا ادارہ کیلئے مایوسی کی علامت ہے۔ اپنی صلاحیتوں کے جوہر انہوں نے نہ صرف اپنے طلباء پر چھوڑے بلکہ ان صلاحیتوں کے ذریعہ اپنی قابلیت کا لوہا منواتے ہوئے سرکاری شعبہ میں ملازمت بھی حاصل کی۔ اس پروگرام میں اردو آفیسر نے تمام حاضرین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پیشہ تدریس سے وابستہ ہونا زندگی میں خدا کی بہترین نعمتوں سے ایک نعمت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس پیشہ میں رہتے ہوئے نہ صرف انہیں اپنے اساتذہ کے ساتھ کام کرنے کا موقع ملا بلکہ اساتذہ کی اولاد کی خدمت کا بھی موقع حاصل ہوا جو کافی خوش آئند بات ہے۔ طلباء کے ساتھ تدریس کا مزہ اور مدارس کی زندگی تمام پیشوں سے کہیں بہتر ہے۔ آج جو بھی مقام انہیں حاصل ہے صرف اور صرف اساتذہ ، طلباء اور ماں باپ کی دعاؤں اور نیک تمناؤں کا نتیجہ ہے۔ تقریب میں پرنسپل ظفر عالم خان، کتھلا پور پرنسپل غوث الرحمن، ملا پور پرنسپل لکشمی نارائنا، مٹ پلی پرنسپل عابد علی، موظف پرنسپل عبدالمقیت، عبدالواجد، سینئر لکچرر گنگادھر، احمد محی الدین، رحمت علی، احتشام الدین کے علاوہ دیگر لکچررس اور طلبہ نے شرکت کی۔