لندن ۔19 جون۔ (سیاست ڈاٹ کام ) رواں سیزن شاندار مظاہرہ کررہے ہندوستانی سینئر ٹینس اسٹار لینڈر پیس اور ان کے ساتھی کھلاڑی ڈینیل نیسٹر نے سابقہ عالمی نمبر ایک رافل نڈال اور ان کے ساتھی کھلاڑی مارک لوپیز کے چیلنج کو شکست دیتے ہوئے اے ٹی پی ایگان چمپین شپ کے سیمی فائنل میں رسائی حاصل کرلی ہے ۔ پیس جوڑی نے کوارٹر فائنل مقابلے میں اسپینی جوڑی کو 7-6(3) ، 6-4 سے شکست دی ہے ۔ 9 مرتبہ کے فرنچ اوپن چمپیئن رافل نڈال کیلئے رواں سیزن انتہائی مایوس کن ثابت ہورہا ہے جہاں انھیں سنگلز میں پہلے ہی ناکامیوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے تو دوسری جانب ڈبلز میں بھی ان کیلئے حوصلہ افزاء نتائج حاصل نہیں ہورہے ہیں ۔