پیس جوڑی انڈین ویلز پری کوارٹر فائنلس میں داخل

انڈین ویلز (امریکہ) ۔ 10 ۔ مارچ (سیاست ڈاٹ کام) چوتھے درجہ کی ٹینس جوڑی لینڈر پیس اور ان کے ساتھی کھلاڑی راڈک اسٹپنک نے ایک سخت مقابلہ میں جدوجہد کے بعد انڈین ویلز کے پری کوارٹر فائنل میں رسائی حاصل کرلی ہے۔ ٹورنمنٹ کے دوسرے راؤنڈ کے مقابلہ میں پیس جوڑی کو غیر معروف جوڑی جرزی جانکووگز اور فلپ کو شکست دینے کیلئے 7-6(6) ، 3-6 ، 10-5 کی سخت جدوجہد کرنی پڑی۔ ایک گھنٹہ 38 منٹ طویل اس مقابلہ میں پیس جوڑی کو خصوصاً پہلے سیٹ میں کامیابی کیلئے سخت مقابلہ درپیش رہا۔ آئندہ مرحلہ میں پیس جو ڑی کا مقابلہ اسرائیلی کھلاڑی جوناتھن ایرلچ اور فرانس کے رچرڈ گیاسگے پر مشتمل کھلاڑیوں سے ہوگا۔ پیس ہندوستان کی نمائندگی کرنے والے واحد کھلاڑی ہیں کیونکہ روہن بوپنا اور ان کے پاکستانی ساتھی کھلاڑی اعصام الحق قریشی کو راجر فیڈرر اور ان کے ہم وطن سوئٹزرلینڈ کے اسٹانسلیس واورنکا کے خلاف شکست برداشت کرنی پڑی جبکہ سنگلز میں سمدیو دیورمن کو کوالیفائیرس راؤنڈ کے پہلے ہی مقابلہ میں شکست ہوئی ۔