پیسہ یا نام کمانے سیاست میں نہیں آیا: بسواجیت

نئی دہلی۔/8اپریل، ( سیاست ڈاٹ کام ) بیس سال بعد، کہرہ، میرے صنم، نائٹ اِن لندن، اپریل فول اور نہ جانے کتنی سلور جوبلی فلموں کے ہیرو بسواجیت ترنمول کانگریس کے ٹکٹ پر دہلی سے انتخابی میدان میں ہیں۔ چونکہ وہ اس وقت چڑھتے سورج نہیں ہیں، شائد میڈیا نے بھی انہیں اسی لئے نظرانداز کردیا ہے جبکہ ایسا ہونا نہیں چاہیئے۔ آج انتخابات کا یہ عالم ہے کہ یہاں ہیمامالنی، ونود کھنہ، شتروگھن سنہا، جیہ پردا، پناگ گل، جاوید جعفری، راج ببر، متھن چکرورتی، راکھی ساونت، من من سین، پریش راول، مہیش منجریکر سب کے سب انتخابی میدان میں ہیں اور میڈیا نے سب پر اپنی توجہ مرکوز کی ہے۔ اگر نہیں کی ہے تو وہ واحد بسواجیت ہیں۔

بسواجیت سے جب اس کے متعلق میڈیا نے سوال پوچھا تو انہوں نے مسکراتے ہوئے کہا کہ فلمی دنیا کا حصہ ہونے کی وجہ سے وہ خود بھی فلمی دنیا کی روایت سے واقف ہیں۔ خود ان کا بیٹا جو بنگالی فلموں کا سوپر اسٹار پرسنجیت ہے، اس نے بھی اپنے سگے باپ کی انتخابی ریالیوں سے خود کو دور رکھا ہے تو بھلا میڈیا سے کیا شکایت کی جاسکتی ہے۔ بسواجیت نے کہا کہ وہ پیسہ کمانے یا نام کمانے کیلئے سیاست میں نہیں آئے ہیں۔ انہوں نے اپنی زندگی میں خوب پیسہ اور نام کمایا۔ وہ سچے دل سے عوام کی خدمت کرنا چاہتے ہیں۔ ان کے مسائل دور کرنا چاہتے ہیں اور لازمی بات ہے کہ ایسا کرنے کے لئے ان کا منتخب ہونا ضروری ہے۔ لہذا وہ چنندہ اخبارات کو ہی اپنا پیغام دیتے ہیں۔ ایسے اخبارات جو عوامی مسائل کی یکسوئی میں خود بھی دلچسپی رکھتے ہیں۔

ودربھا میں انتخابی مہم اختتام پذیر
ناگپور۔/8اپریل، ( سیاست ڈاٹ کام) مہاراشٹرا کے وردبھا خطہ میں لوک سبھا کی دس نشستوں پر پہلے مرحلہ کے انتخابات کیلئے چلائی جانے والی انتخابی مہمات آج اختتام پذیر ہوئیں۔10اپریل کو منعقد شدنی رائے دہی میں 201امیدوار انتخابی میدان میں ہیں جس میں سب سے زیادہ امیدواروں کی نامزدگی ناگپور سے عمل میں آئی ہے جہاں ان کی تعداد33 ہے جبکہ دیگر انتخابی حلقوں میں امیدواروں کی تعداد رام ٹیک23، بھنڈارہ ۔ گونڈیا 26، گڈچرولی 11، چندرا پور 18، اکولہ 7، امراوتی19، بلڈھانہ17، وردبھا 21 اور ایوت محل ۔ واشک26 شامل ہیں۔