پیرس مہلوکین کو اوباما اور اولاند کا خراج عقیدت

پیرس۔ 30 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) امریکی صدر بارک اوباما نے بٹاکلان کنسرٹ ہال میں فرانسیسی قائد فرانکوئی اولاند کے ساتھ شریک ہوکر دہشت گرد حملے میں ہلاک افراد کو خراج عقیدت پیش کیا۔ یاد رہے کہ اقوام متحدہ کی موسمی تغیر پر منعقد شدنی اجلاس کے آغاز سے کچھ دیر قبل ہی دونوں قائدین نے اپنا خراج عقیدت پیش کیا۔ اس وقت پیرس کے میئر این ہڈالگ بھی ان کے ہمراہ تھیں جہاں 13 نومبر کو ہوئے دہشت گرد حملے میں 90 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔ اس موقع پر سکیورٹی کے خاطر خواہ انتظامات کئے گئے تھے۔ ہیلی کاپٹرس سے فضاء سے زمین پر نظر رکھے ہوئے تھے جبکہ دونوں قائدین کی آمد کے پیش نظر سڑکوں کو عام ٹریفک کے لئے بند کردیا گیا تھا۔ 150 ممالک کے سربراہان اس اجلاس میں شرکت کررہے ہیں۔ بٹاکلان کنسرٹ ہال پر خراج عقیدت پیش کرنے کے پروگرام کو لمحہ آخر میں قطعیت دی گئی۔ قبل ازیں اوباما کے پروگرام میں خراج عقیدت پیش کرنا شامل نہیں تھا۔ کل کینیڈین وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے بھی بٹاکلان کنسرٹ ہال پہنچ کر مہلوکین کو گلہائے عقیدت پیش کرتے ہوئے 2 منٹ کی خاموشی بھی اختیار کی تھی۔