پیرالمپینس انعام و اکرام کے مستحق ملکھا سنگھ کا بیان

چنڈی گڑھ ، 15 سپٹمبر (سیاست ڈاٹ کام) لجنڈری اتھلیٹ ملکھا سنگھ کا تاثر ہے کہ پیرالمپینس اعلیٰ ترین انعام و اکرام کے مستحق ہیں جو ملک انھیں عطا کرسکتا ہے کیونکہ وہ بہت عمدہ مثال ہیں کہ تمام تر مشکلات کے باوجود کیا کچھ حاصل کیا جاسکتا ہے۔ ’فلائنگ سکھ‘ کے لقب سے معروف سابق اتھلیٹ نے کہا کہ ریو پیرالمپکس میں میڈلز جیتنے والے یہ اتھلیٹس کی زیادہ سے زیادہ پذیرائی ہونی چاہئے کیونکہ وہ اس بات کی چمکتی دمکتی مثالیں ہیں کہ کوئی سماج سخت محنت، عزم اور حوصلہ کے ذریعے کیا کچھ حاصل کرسکتا ہے۔ مریپن تھنگا ویلو (مینس T42 ہائی جمپ میں گولڈ)، ورون بھاٹی (مینس T42 ہائی جمپ میں برونز)، دیپا ملک (ویمنس شاٹ پٹ F53 ایونٹ میں سلور) اور دیویندر جھجھاریا (مینس F46 جویلین تھرو میں گولڈ) نے اپنے متعلقہ کھیلوں میں تمغے جیتے ہیں اور یہ مطالبہ ہورہا ہے کہ پیرالمپک میڈل یافتگان کو راجیو گاندھی کھیل رتن عطا کیا جائے، جو ملک میں کھیلوں کا اعلیٰ ترین اعزاز ہے۔