پیرالمپک کمیٹی آف انڈیا معطل وزیر اسپورٹس کا بیان

نئی دہلی ۔ 28 اپریل ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) پیرالمپک کمیٹی آف انڈیا ( پی سی آئی ) کو پندرہویں نیشنل پیرا اتھلیٹک چمپین شپ 2015 ء کے انعقاد میں ناقص انتظام کے پیش نظر غیرمعینہ مدت کیلئے فوری اثر کے ساتھ معطل کردیا گیا ہے ۔ وزیر اسپورٹس سرب نندا سونووال نے کہاکہ پی سی آئی معذور اتھلیٹ کیلئے درکار سہولیات کے فقدان کیلئے مکمل طورپر ذمہ دار ہے جبکہ انھیں حال میں غازی آباد میں منعقدہ ایونٹ کے دوران درکار سہولتوں سے محروم رکھا گیا ۔ وزیر اسپورٹس نے لوک سبھا میں وقفہ سوالات کے دوران بتایا کہ اس ایونٹ کے انعقاد کے معاملے میں منصوبہ بندی سے لے کر ضروری اُمور کی تکمیل میں مکمل لاپرواہی برتی گئی ۔ اس شعبہ میں مکمل ناقص انتظام ، غفلت اور غیرذمہ داری کا مظاہرہ ہوا جس کیلئے پی سی آئی ذمہ دار ہے ۔ انھوں نے کہاکہ اسپورٹس اتھاریٹی آف انڈیا نے اس معاملے کی انکوائری کرائی اور رپورٹ کی وصولی کے بعد پی سی آئی کو وجہ بتاؤ نوٹس جاری کی گئی۔ حکومت کو ایک مکتوب مورخہ 15 اپریل انٹرنیشنل پیرالمپک کمیٹی سے وصول ہوا جس میں بتایا گیا کہ پی سی آئی کو معطل کردیا گیا ہے ۔