مرکزی وزیر اسپورٹس وجئے گوئل کا اعلان ۔ شہر میں گوپی چند بیڈ مینٹن اکیڈیمی کا دورہ
حیدرآباد 18 ستمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) پیرالمپکس میں ہندوستان کیلئے میڈلس جیتنے والے اتھیلیٹس کو بھی دوسرے اولمپک میڈل یافتگان کی طرز پر آئندہ سال کھیل رتن ایوارڈ سے سرفراز کیا جائیگا ۔ وزیراسپورٹس وجئے گوئل نے یہ بات بتائی ۔ وجئے گوئل نے یہاں پلیلا گوپی چند بیڈمینٹن اکیڈیمی کے دورہ کے موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ تمام پیرالمپک میڈل یافتگان کے ساتھ بھی دوسرے اولمپک میڈل یافتگان جیسا سلوک کیا جائیگا ۔ انہیں بھی کھیل رتن ایوارڈ سے سرفراز کیا جائیگا ۔ وجئے گوئل نے کہا کہ ان کے خیال میں اولمپک میڈل جیتنا در اصل کھیل رتن ایوارڈ سے بھی بڑا کارنامہ ہے ۔ ہمیں یہ بات پی وی سندھو سے پوچھنی چاہئے ۔ ریو اولمپکس میں سلور میڈل جیتنے والی سندھو بھی اس موقع پر موجود تھیں۔ مرکزی وزیر اسپورٹس نے کہا کہ پی وی سندھو کا بھی کہنا ہے کہ وہ اولمپک میڈل کو ترجیح دیتی ہیں۔ پیرالمپک اتھیلیٹس نے ملک کیلئے بڑا کارنامہ انجام دیا ہے ۔ ہمیں ان پر فخر ہے اور انہیں بھی اسی انداز میں اعزاز و انعام دئے جائیں گے جیسے سندھو اور ساکشی کو دئے گئے ہیں۔ اولمپک کھیلوںمیں زخمی رہتے ہوئے شرکت کرنے پر سائنہ نیہوال اور یوگیشور دت کے تعلق سے اظہار خیال کرتے ہوئے وجئے گوئل نے کہا کہ فی الحال ہم یہ باتیں عوام میں نہیں لا سکتے ۔ لیکن ہم سنجیدگی کے ساتھ ان معاملات کی تحقیقات کر رہے ہیں۔ ہم کو زبردست محاسبہ کرنے کی ضرورت ہے ۔ بہت جلد ہم اس پر ایک رپورٹ جاری کرینگے ۔ وزیر موصوف نے کہا کہ حکومت صلاحیتوں کو پروان چڑھانے کیلئے ہر ممکنہ مدد فراہم کرنے کا جذبہ رکھتی ہے اور اسی جذبہ کے تحت بہت جلد ایک پورٹل بھی شروع کیا جائیگا ۔