تھنگاویلو کو 2 کروڑ روپئے کا انعام ، چیف منسٹر ٹاملناڈو جیہ للیتا کا اعلان۔ مختلف گوشوں کا اظہار مسرت
ریو ڈی جنیرو ؍ نئی دہلی ، 10 سپٹمبر (سیاست ڈاٹ کام) مریپّن تھنگاویلو اور ورون بھاٹی نے تمام تر رکاوٹوں و مشکلات سے لڑتے ہوئے ریو ڈی جنیرو کے پیرالمپکس میں ہندوستان کو فخر کو موقع فراہم کیا ہے۔ انڈیا میں جب ہفتہ کو صبح ہوئی تو فوری خوشی ملی کیونکہ یہ خبر آگئی تھی کہ مریپن تھنگاویلو اور ورون سنگھ بھاٹی نے ریو پیرالمپکس میں ترتیب وار گولڈ اور برونز یعنی دو میڈلز جیت لئے ہیں۔ تھنگاویلو نے مینس ہائی جمپ T-42 ایونٹ میں تاریخی طلائی تمغہ جیتا جبکہ ورون اسی ایونٹ میں انڈیا کیلئے پوڈیم پر اگلا بہترین مقام حاصل کرنے سے ذرا سا چوک گئے اور برونز پر اکتفا کیا۔ تھنگاویلو نے 1.89 میٹر کی چھلانگ لگائی، ورون نے اپنے شخصی بہترین 1.86 میٹر تک اُچھل کر تیسرے مقام پر اختتام کیا۔ انڈیا کے دیگر ممکنہ میڈل ونر شرد کمار کو نمبر چھ ملا۔ امریکہ کے سام گریو نے سلور میڈل حاصل کیا۔ تھنگاویلو نے تاریخی جیت کے بعد ہندوستانی میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ انھیں اپنے ایونٹ میں ملک کیلئے میڈل جیتنے کا اعتماد تھا۔ ’’میں گولڈ میڈل پر بے حد مسرور ہوں اور یہ میری زندگی کے یادگار دنوں میں سے ہے۔ میں مستقبل میں مزید تمغے جیتنا چاہتا ہوں۔‘‘ 21 سالہ تھنگاویلو نے ٹامل میں بات کی اور اُن کی طرف سے کوچ نے انگریزی میں ترجمہ کیا۔ ریو گیمز سے قبل تھنگاویلو کیلئے سب سے بڑا چیلنج فنڈ کا فقدان رہا مگر انھوں نے پھر بھی انھیں اس منزل تک پہنچانے کیلئے اسپورٹس اتھارٹی آف انڈیا اور اپنے کوچ کا شکریہ ادا کیا۔ ’’میرے کوچ ستیہ نارائنا اور اسپورٹس اتھارٹی آف انڈیا نے میری کافی مدد کی۔ مجھے TOP (ٹارگٹ اولمپک پوڈیم) اسکیم میں شامل کیا گیا اور ٹریننگ کیلئے جرمنی کو بھیجا گیا۔ اس لئے مجھے وہ تائید و حمایت پر بہت خوشی ہے جو میرے کوچ اور سائی سے حاصل ہوئی۔‘‘
دریں اثناء چیف منسٹر ٹاملناڈو جیہ للیتا نے آج اپنی ریاست سے تعلق رکھنے والے تھنگاویلو کیلئے ریو پیرالمپک گیمز ہائی جمپ ایونٹ میں گولڈ میڈل جیتنے پر 2 کروڑ روپئے کے کیاش پرائز کا اعلان کیا۔ چیف منسٹر نے تھنگاویلو کو اپنے پیام مبارکباد میں کہا کہ انھیں یہ جان کر مسرت ہوئی کہ وہ پیرالمپکس میں گولڈ میڈل جیتے ہیں۔ ’’میں سمجھتی ہوں یہ پہلی مرتبہ ہے کہ کسی ہندوستانی نے پیرالمپکس کے ہائی جمپ ایونٹ میں گولڈ میڈل جیتا ہے۔‘‘ ٹاملناڈو کے مختلف سیاسی قائدین نے بھی تھنگاویلو کے گولڈ میڈل کو سراہا ہے۔ ایک اور خاتون چیف منسٹر (مغربی بنگال) ممتا بنرجی نے بھی ریو پیرالمپک گیمز میں تمغے جیتنے پر تھنگاویلو اور ورون بھاٹی کو مبارکباد دی ہے۔ صدر کانگریس سونیا گاندھی، اولمپک برونز میڈلسٹ باکسر ایم سی میریکوم، انڈین کرکٹ بورڈ نے بھی تھنگاویلو اور ورون کی جیت پر خوشی کا اظہار کیا ہے۔ ریو اولمپکس سے واپسی کے بعد انڈین اتھلیٹس نے ان گیمز میں اپنے مایوس کن پرفارمنس کیلئے بالعموم مختلف اسپورٹس فیڈریشنز اور حکام کو موردِ الزام ٹھہرایا ہے۔ مگر گریٹر نوئیڈہ کے متوطن ورون بھاٹی نے ’سائی‘ کی ستائش کی اور کہا کہ انھیں جسمانی معذور اتھلیٹ ہونے پر کوئی امتیاز کا سامنا نہیں ہوا۔ 21 سالہ ورون نے کہا: ’’میں اِس سال ٹاپ اسکیم میں رہا اور حکومت نے واقعی ہماری اچھی مدد کی۔ مجھے ٹریننگ کیلئے یوکرین کو تک بھیجا گیا۔ مجھے کوئی امتیازی رویہ محسوس نہیں ہوا۔ میں اچھا مظاہرہ کررہا ہوں اور جو کچھ میں نے حاصل کیا، اس پر خوش ہوں۔‘‘