پیدائش کا صداقت نامہ،بی سی سی آئی کا سخت انتباہ

نئی دہلی ۔28 نومبر (سیاست ڈاٹ کام ) بی سی سی آئی نے انتباہ دیا ہے کہ اگرکوئی کھلاڑی اپنی پیدائش کی تاریخ سے چھیڑ چھاڑ کرنے کا قصوروار پایا گیا تو بورڈ اس پر دو سیزن کی پابندی عائد کردے گا۔ بی سی سی آئی نے ایک بیان جاری کرکے اس بات کی جانکاری دی۔ بی سی سی آئی نے کہا ہے کہ اس نے اس بات کو سبھی ریاستی اسوسی ایشن کو بھی بتادیا ہے۔ بی سی سی آئی نے بیان میں کہا کہ ’’بی سی سی آئی کی کھیل میں عمرسے متعلق غلطیوں کیلئے زیرو ٹالرینس پالیسی ہے اوربورڈ اگرکھلاڑی کو بی سی سی آئی ٹورنمنٹ میں عمرسے متعلق غلطی کرنے کا قصوروار پاتا ہے تو وہ کھلاڑی کے خلاف سخت کارروائی کرے گا۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ اس سیزن کے آغازمیں سبھی ریاستی اسوسی ایشن کو یہ بتا دیا گیا تھا۔ بی سی سی آئی ایک بارپھراپنی بات کو دوہراتے ہوئے بتانا چاہتی ہے کہ 19-2018 سیزن میں کوئی کھلاڑی اگراپنی یوم پیدائش سے چھیڑ چھاڑ کرتا ہوا پایا گیا تووہ نااہل قرار دے دیا جائے گا۔ ساتھ ہی اسے دو سال تک بی سی سی آئی کے ٹورنمنٹ میں کھیلنے کی اجازت نہیں ملے گی۔