پیدائشی نقص اور حادثات کے متاثرین کے لیے مفت آپریشنس

آکار آشا کا سیاست کے اشتراک و تعاون سے 13 نومبر کو مفت کیمپ
حیدرآباد ۔ 8 ۔ نومبر : ( سیاست نیوز ) : آکارآشا ہاسپٹل کوکٹ پلی روزنامہ سیاست کے اشتراک و تعاون سے محبوب حسین جگر ہال احاطہ سیاست میں مفت اسکریننگ کیمپ کا اہتمام کررہا ہے ۔ 13 نومبر کو صبح 10 تا شام 4 بجے منعقد ہونے والے اس کیمپ میں ماہر ڈاکٹرس ایسے بچوں اور بڑوں کا معائنہ کریں گے جو پیدائشی نقائص حادثات کے بعد پیدا ہونے والے نقائص ، جھلس جانے کے بعد پیدا ہونے والی جلد اور جسمانی خرابیوں کے علاوہ سر ، گردن ، پاؤں اور بازوں کی رسولیوں سے متاثر ہوں ۔ آکار آشا ہاسپٹل کے ڈائرکٹر ڈاکٹر بھارتیندو سوین نے بتایا کہ سیاست کے محبوب حسین جگر ہال میں 13 نومبر کو ان مریضوں کی مفت اسکریننگ ہوگی اور ہاسپٹل میں مفت آپریشنس ( سرجریز ) کی جائیں گی ۔ کیمپ میں 8 تا 10 ماہر ڈاکٹروں کی ایک ٹیم مریضوں کا معائنہ کرے گی جن میں نیورالوجسٹس بھی شامل ہیں۔ اکثر یہ دیکھا گیا ہے کہ جھلس جانے کے بعد چہرہ بالکل ڈراونا ہوجاتا ہے ۔ خاص کر لڑکیوں اور خواتین میں یہ چہرہ برا دکھای دیتا ہے ۔ آکار آشا ایسے مریضوں کی جلد مصنوعی جلد سے بدل دیتی ہے ۔ اکثر بچوں میں یہ دیکھا جاتا ہے کہ وہ پیدائشی نقص سے متاثر ہوتے ہیں ۔ مثال کے طور پر ان کے ہونٹ اور ناک پھٹے ہوئے ہوتے ہیں ۔ ایسے بچوں کے بھی مفت آپریشن کیے جارہے ہیں ۔ چونکہ دونوں شہروں حیدرآباد و سکندرآباد میں آئے روز ٹریفک حادثات میں بے تحاشہ اضافہ ہوا ہے ۔ ایسے میں کئی نوجوان حادثات کا شکار ہو کر ریڑھ کی ہڈی میں نقص پیدا ہونے کے باعث چلنے پھرنے سے قاصر رہتے ہیں ۔ ایک طرح سے وہ مفلوج ہو کر رہ جاتے ہیں ۔ ڈاکٹر بھارتیندو سوین کے مطابق ایسے نوجوانوں کی بھی سرجریز ( آپریشنس ) کیے جائیں گے ۔ مسٹر دیبراج مشرا کے مطابق ان کا ہاسپٹل دراصل ایک Reconstructive Surgery کا سنٹر ہے ۔ جہاں حادثات وغیرہ میں مفلوج ہونے والے مریضوں کی باز آبادکاری کے اقدامات بھی کئے جاسکتے ہیں ۔ ۔ نمائندہ سیاست سے بات کرتے ہوئے ڈاکٹر بھارتیندو سوین کے مطابق اس طرح کے مفت اسکریننگ کیمپ کا اہتمام 2004 سے کیا جارہا ہے ۔ اب تک وقار آباد ، محبوب نگر ، رنگاریڈی ، عادل آباد ، کاماریڈی ، اوٹنور ، میدک ، سدی پیٹ اور حیدرآباد میں ایسے مفت کیمپس منعقد کئے جاچکے ہیں اور تاحال 1000 آپریشنس ہوچکے ہیں ۔ حیدرآباد کے سلم علاقوں کے علاوہ کوکٹ پلی ، ایل بی نگر ، چیرلہ پلی وغیرہ میں بھی خصوصی کیمپس منعقد کرتے ہوئے مفت آپریشنس کئے گئے ۔ انہوں نے توقع ظاہر کی کہ زیادہ سے زیادہ مریض 13 نومبر کے کیمپ سے استفادہ کریں گے ۔ مزید تفصیلات اور ناموں کے اندراج کے لیے فون نمرب 040-65699966 پر ربط کریں ۔ 9391160364 پر سید خالد محی الدین اسد سے بھی ربط پیدا کیا جاسکتا ہے ۔۔