پہلے ٹسٹ میں شرکت کیلئے کھلاڑیوں کو مجبور نہیں کیا جائیگا

سڈنی ۔3 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام)کرکٹ آ سٹریلیا (سی اے )نے واضح کردیا ہے کہ ہندوستان کے خلاف نظر ثانی کردہ پہلے ٹسٹ میں شرکت کیلئے کسی کھلاڑی کو مجبور نہیں کیا جائے گا۔ یاد رہے کہ آ سٹریلیائی کرکٹ سیزن میں پہلا ٹسٹ مقابلہ روایتی طور پر برسبین میں کھیلا جاتا ہے لیکن فلپ ہیوز کی ناگہانی موت کے بعد پروگرام کو تبدیل کیا گیا ہے اور اب یہ میچ ایڈیلیڈ میں9 دسمبر سے کھیلا جائے گا۔ جبکہ دوسرے ٹسٹ کی میزبانی برسبین کرے گا۔ ایڈیلیڈ اوول میں آ نجہانی فلپ ہیوز سکونت پذیر تھے۔ اسی بنا پر میچ یہاں منتقل کیا گیا ہے۔ کرکٹ آ سٹریلیا کے چیف ایگزیکٹو جیمس سدر لینڈ نے اس ضمن میں کہا ہے کہ ہماری سب سے پہلی ترجیح کھلاڑیوں کی دیکھ بھال ہے۔ ہم چاہتے ہیں کہ وہ کرکٹ میدانوں میں واپسی کے لئے خود کو ذہنی اور جسمانی طور پر تیار کرلیں، ہمیں کھلاڑیوں کی جذباتی اور نفسیاتی حالت کا انداز ہ ہے اسی لیے انہیں خود کو سنبھالنے کا موقع دیا گیا ہے۔ افتتاحی ٹسٹ میں جو کھلاڑی شرکت نہیں کرنا چاہے گا اس کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی جائے گی بلکہ ان کی پوری طرح حمایت کی جائے گی۔