اڈیلیڈ۔10 ڈسبمر (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی ٹیم نے اڈیلیڈ ٹسٹ میں آسٹریلیا پر31 رنوں کی شاندار کامیابی درج کی ہے ، جس میں مین آف دی میچ چتیشور پجارا ( پہلی اننگز میں 123 اور دوسر اننگز میں 71 رن ) کے علاوہ آر اشون اور جسپریت بمراہ ( میچ میں فی کس 6 وکٹں) اور محمد سمیع ( میچ میں پانچ وکٹ ) نے اہم رول ادا کیا، جبکہ اس تاریخی کامیابی کیلئے ٹیم کے نوجوان وکٹ کیپر بلے باز ریشبھ پنت کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ 21 سالہ پنت نے اڈیلیڈ ٹسٹ میں 11 کھلاڑیوں کو کیچ کیا ، جو کہ آسٹریلیا میں کسی بھی بیرونی وکٹ کیپر کی ریکارڈ کارکردگی ہے۔ انہوں نے پہلی اننگز میں چھ اور دوسری اننگز میں پانچ کیچ پکڑے۔ پنت سے پہلے آسٹریلیا میں ایک میچ میں سب سے زیادہ کیچ پکڑنے کا ریکارڈ ویسٹ انڈیز کے ڈیوڈ مورے کے نام تھا ، جنہوں نے 1981 میں نو کھلاڑیوں کا کیچ پکڑ اتھا۔ پنت سے پہلے ایک میچ میں سب سے زیادہ شکار کرنے کا ریکارڈ انگلینڈ کے سابق وکٹ کیپر جیک رسل اور جنوبی افریقہ کے اے بی ڈویلیئرس کے نام تھا ، جنہوں نے فی کس 11 کیچ پکڑے تھے۔ رسل نے 1995 میں جنوبی افریقہ کے خلاف سورڈویلیئرس نے 2013 میں پاکستان کے خلاف ایسا ریکارڈ قائم کیا تھا۔ پنت نے اس ریکارڈ کی بھی برابری کرلی ہے۔یاد رہے کہ نوجوان وکٹ کیپر پنت اپنے ٹسٹ کرئیر کے آغاز سے ہی اسٹار کھلاڑی کے طور پر سامنے آئے ہیں خاص کرانکی جارحانہ بیٹنگ موضوع بحث بنی رہتی ہے جس کا انہوں نے پہلے ٹسٹ میں بھی مظاہرہ کیا ہے۔