پہلے ٹسٹ سے قبل مارش برادران کی شاندار بیٹنگ

دبئی ۔2 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) مارش برادران اور ٹریوس ہیڈ کی شاندار کارکردگی کی بدولت آسٹریلیائی بیٹنگ شعبہ نے پاکستان اے ٹیم کو تختہ مشق بناتے ہوئے 4 وکٹوں کے نقصان پر 494 رنز اسکور کر دیے۔دبئی میں کھیلے جا رہے چار روزہ وارم اپ میچ میں پاکستان اے ٹیم نیتھن لیون کی 8 وکٹوں کی عمدہ کارکردگی کے سبب پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 278 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی جس کے جواب میں میچ کے دوسرے دن 2وکٹوں کے نقصان پر 207 رنز بنائے تھے۔میچ کے تیسرے دن مچل مارش اور شان مارش نے اننگز کا آغاز کیا اور عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے کھانے کے وقفے تک کوئی وکٹ نہ گرنے دی۔دونوں بھائیوں نے 207 رنز کی عمدہ شراکت قائم کر کے اپنی ٹیم کو میچ برتری دلا دی لیکن سنچری سے محض چھ رنز کی دوری پر شان مارش 94رنز بنانے کے بعد افتخار احمد کی وکٹ بن گئے۔ مچل مارش نے عمدہ بیٹنگ جاری رکھتے ہوئے اپنی سنچری مکمل کی اور ٹرویس ہیڈ کے ہمراہ مزید 106رنز جوڑ کر اپنی ٹیم کے موقف کو مضبوط بنا دیا۔ وقاص مقصود نے 417 کے مجموعی اسکور پر کپتان اسد شفیق کی مدد سے مچل مارش کی اننگز کا خاتمہ کیا جنہوں نے آؤٹ ہونے سے قبل 17چوکوں سے مزین 162رنز کی دلکش اننگز کھیلی۔جب میچ کے تیسرے دن کا کھیل ختم ہوا تو آسٹریلیا نے 4وکٹوں کے نقصان پر 494 رنز بنائے تھے اور اس نے پاکستان اے ٹیم پر 216 رنز کی بھاری برتری حاصل کر لی ہے۔آسٹریلیا کے ٹریوس ہیڈ 90 اور مارکش لبوشانے 39رنز بنا کر ناقابل شکست ہیں۔پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان دو ٹسٹ میچوں کی سیریز کا پہلا میچ 7اکتوبر سے دبئی میں کھیلا جائے گا۔