پہلے دن کے کھیل کے بعد ٹیم سنبھل نہ سکی : مصباح

کولمبو ، 30 جون (سیاست ڈاٹ کام) پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق کا کہنا ہے کہ کولمبو ٹسٹ کے پہلے ہی دن 138 رنز پر آؤٹ ہو جانے کے بعد پاکستانی ٹیم سنبھل نہ سکی اور پورے میچ میں وہ دباؤ کا شکار رہی۔ کولمبو ٹسٹ میں پاکستانی ٹیم کی سات وکٹوں کی شکست کے بعد مصباح نے کہا کہ ایک مرحلے پر پاکستان کی دو وکٹیں 70 رنز پر گری تھیں لیکن دوسرے سیشن میں پوری ٹیم 138 رنز پر آؤٹ ہو گئی۔ انھوں نے کہا کہ 153 رنز کے ٹارگٹ پر سری لنکن ٹیم نے جارحانہ حکمت عملی اختیار کی کیونکہ میزبان ہونے کے ناطے اسے موسم کا بخوبی اندازہ تھا۔ اسی لئے وہ میچ کو جلد سے جلد ختم کرنا چاہتے تھے۔ پاکستانی کپتان نے فاسٹ بولر وہاب ریاض کی غیر موجودگی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس سے پاکستانی ٹیم کو بہت فرق پڑا کیونکہ کولمبو کی وکٹ گال سے زیادہ باؤنسی تھی اور وہاب کے نہ ہونے سے پاکستانی ٹیم کو اپنی منصوبہ بندی پر عمل کرنے میں بہت زیادہ مشکل ہوئی۔ مصباح نے کہا کہ اگر پاکستانی ٹیم 250 رنز تک سبقت حاصل کرنے میں کامیاب ہوجاتی تو اچھا تھا لیکن ایک بار پھر دن کے دوسرے سیشن میں وکٹیں گر گئیں۔ انھیں یقین ہے کہ پاکستانی ٹیم تیسرا ٹسٹ سری لنکا کی مثال ذہن میں رکھتے ہوئے کھیلے گی جس نے پہلا ٹسٹ ہارنے کے بعد دوسرا ٹسٹ جیتا۔ انھوں نے کہا کہ بیٹسمینوں کو بڑی اننگز کھیلنی ہونگی اور اپنی غلطیوں کو دور کرتے ہوئے مثبت انداز میں میدان میں اترنا ہو گا۔