کھُلنا ، 28 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) بنگلہ دیش نے پاکستان کے خلاف ونڈے سیریز اور واحد ٹی 20 میچ میں فتوحات کے بعد ٹسٹ میچوں کی سیریز کا بھی شاندار آغاز کرتے ہوئے آج پہلے ٹسٹ کے پہلے دن 236/4 اسکور کرلئے ۔بنگلہ دیش کی اچھی کارکردگی میں پاکستانی فیلڈرز نے بھی ان کا بھرپور ساتھ دیا اور کم از کم پانچ مواقع کا فائدہ اٹھانے میں ناکام رہے۔ مشفق الرحیم نے بیٹنگ کیلئے سازگار پچ پر پہلے بلے بازی کا فیصلہ کیا جو درست ثابت ہوا۔ مصباح الحق زیرقیادت پاکستانی ٹیم نے نوجوان اوپنر سمیع اسلم کو ٹسٹ کیپ دیتے ہوئے اُن کے کیرئیر کا آغاز کرایا جبکہ میچ میں اسپنر سعید اجمل کی جگہ یاسر شاہ اور ذوالفقار بابر کو صلاحیتوں کے اظہار کا موقع فراہم کیا گیا ہے۔ابتدا میں پاکستانی بولرز کی نپی تلی بولنگ کے سبب بنگلہ دیشی اوپنرس کھل کر کھیل نہ سکے اور انتہائی سست رفتاری سے رنز بنائے ۔اوپنرز نے ٹیم کو 52 رنز کا اچھا آغاز فراہم کیا لیکن اسی اسکور پر اِن فام تمیم اقبال کو یاسر شاہ نے اظہر علی کے ذریعہ کیچ کرایا۔نئے بلے باز مومن الحق نے امرالقیس کے ساتھ رفاقت شروع کی ۔ تاہم 92 کے مجموعی اسکور پر امر القیس(51) محمد حفیظ کی گیند سمجھنے میں ناکام رہے اور انہی کو کیچ دے کر پویلین لوٹ گئے۔
اس کے بعد آنے والے محمود اللہ نے مومن کے ساتھ مل کر چائے کے وقفے تک مزید کوئی وکٹ نہ گرنے دی اور اسکور کو 150 تک پہنچا دیا۔دونوں کھلاڑیوں نے تیسری وکٹ کیلئے 95 رنز کی شراکت قائم اور اپنی ٹیم کو بڑے مجموعے کیلئے بنیاد فراہم کی۔ 187 کے اسکور پر محموداللہ 49 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹے۔اس کے بعد شکیب الحسن اور مومن کریز پر یکجا ہوئے اور اسکور آگے بڑھانے کا سلسلہ برقرار رکھا۔دونوں کھلاڑی مزید کسی نقصان کے ساتھ دن کا اختتام چاہتے تھے لیکن دن کے آخری اوور کی پانچویں گیند پر مومن کو ذوالفقار نے ایل بی ڈبلیو آؤٹ کردیا ۔80 رنز بنانے والے مومن نے ریویو کا بھی استعمال کیا لیکن وہ بھی انہیں آؤٹ ہونے سے نہ بچا سکا۔مومن کے آؤٹ ہونے کے ساتھ ہی امپائرز نے دن کے کھیل کا اختتام کیا ۔پاکستان کی جانب سے بابر، حفیظ، یاسر اور وہاب نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ تاہم اسٹرائیک بولر جنید خان (0/40) کوئی وکٹ لینے میں ناکام رہے ۔