ٹکٹوں کی فروخت بھی روک دی گئی‘ قطعی فیصلہ عنقریب متوقع
ایڈیلیڈ۔29نومبر ( سیاست ڈاٹ کام ) دنیائے کرکٹ ہنوز آسٹریلیائی بیٹسمین فلپ ہیوز کی موت کے غم میں ڈوبی ہوئی ہے اور ان حالات میں آئندہ ہفتہ ہندوستان اور آسٹریلیا کے درمیان شروع ہونے والے پہلے ٹسٹ کو ملتوی کردیا گیا ہے اور امکان ہے کہ پہلا ٹسٹ منسوخ بھی ہوجائے ۔ آج جاری کردہ بیان میں کرکٹ آسٹریلیا نے کہاہے کہ بارڈر۔ گواسکر ٹرافی کا پہلا ٹسٹ جو کہ برسبین میں 4ڈسمبر کو شروع ہونے والا تھا اسے ملتوی کردیا گیا ہے اور 3ڈسمبر کو ہیوز کے آبائی شہر میکس ویلے میں آنجہانی بیٹسمین کی آخری رسومات ادا کی جائیں گی جس کے بعد پہلے ٹسٹ کے متعلق کوئی فیصلہ کیا جاسکتا ہے ۔ تمام آسٹریلیائی ٹیم اور کرکٹ آسٹریلیا کے ارکان کے علاوہ ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی ‘ عملہ اور دیگر افراد 25سالہ بائیں ہاتھ کے بیٹسمین ہیوز کی آخری رسومات میں شرکت کریں گے ۔
کرکٹ آسٹریلیا کے سی ای او جیمس سودرلینڈ نے کہا ہے کہ حالات اس وقت کافی مشکل ترین ہے اور ہم یہ نہیں کہہ سکتے کہ کس طرح کھلاڑی پہلے ٹسٹ کے لئے جذباتی اور ذہنی طور پر تیار رہیں گے ۔ لہذا فی الحال پہلے ٹسٹ کو ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ تاہم اس کی شروعات کب ہوگی اس کا عنقریب فیصلہ کیا جائے گا ۔ یہ مشکل ہے کہ ہیوز کی آخری رسومات کے فوراً بعد دوسرے دن پہلے ٹسٹ کا آغاز ہو کیونکہ تمام افراد کی پہلی ترجیح ہیوز کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کی آخری رسومات میں شرکت کرنا ہے ۔ دریں اثناء انہوں نے بی سی سی آئی سے بھی اظہار تشکر کیا ہے کہ اس نے ان مشکل حالات میں مکمل تعاون کیا ہے ۔کرکٹ آسٹریلیا کی جانب سے جاری کردہ بیان میں مزید کوئی تفصیلات فراہم نہیں کی گئی ہیںکہ آخر پہلے ٹسٹ کا آغاز کب ہوگا ۔ تاہم ٹکٹیں حاصل کرنے والوں کے لئے صرف اتنی اطلاع دی گئی ہے کہ پہلا ٹسٹ فی الحال ملتوی کردیا گیا ہے ۔
دوسری جانب مہمان ہندوستانی ٹیم کے ترجمان ڈاکٹر این آر بابا نے مطلع کیا ہے کہ گبّا میں شروع ہونے والے پہلے ٹسٹ کو ایک دن کیلئے ملتوی کردیا گیا ہے اور ان کا مزید کہنا ہے کہ ہوسکتا ہے کہ پہلا ٹسٹ 5ڈسمبر کو شروع ہوگا اور اس طرح یہ مکمل پانچ دن کھیلا جائے گا ۔ ابتدائی تفصیلات کے بعد امکان ہے کہ اب یہ مکمل طور پر آسٹریلیائی کھلاڑیوں اور کرکٹ آسٹریلیا پر منحصر ہے کہ وہ پہلے ٹسٹ کے انعقاد میں کس طرح کا فیصلہ لیں گے یا پھر مقابلہ کو منسوخ ہی کردیا جائے گا ۔
کرکٹ آسٹریلیا کے بموجب پہلے ٹسٹ کو ملتوی کرنے کا فیصلہ پہلے آسٹریلیائی کھلاڑیوں ‘ آسٹریلین کرکٹ اسوسی ایشن اور ہندوستان میںعہدیداروں سے تبادلہ خیال کے بعد کیا گیا ہے ۔ کرکٹ آسٹریلیا کے سربراہ جیمس نے مزید کہا کہ بی سی سی آئی اور ہندوستانی ٹسٹ ٹیم جو یہاں ایڈیلیڈ میں موجود ہے اور اسے گذشتہ روز کے علاوہ آج دوروزہ وارم اپ مقابلہ میں شرکت کرنا تھا تاہم یہ دوروزہ مقابلہ بھی منسوخ کردیا گیاہے جس سے اندازہ ہوتا ہے کہ حریف بورڈ اور کھلاڑیوں کا اس مشکل وقت میں مکمل تعاون دستیاب ہے۔ کرکٹ آسٹریلیا نے یہ بھی اطلاع دی ہے کہ پہلے ٹسٹ کے دیگر ایام کی ٹکٹوں کی فروخت بھی روک دی گئی ہے کیونکہ جب تک کوئی قطعی فیصلہ نہیں لیا جاتا کوئی سرگرمی نہیں ہوگی۔