معین علی اور اسٹیون فن کی بہترین بولنگ نے انگلینڈ کو کامیابی دلائی
ڈربن ، 30 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) انگلینڈ نے جنوبی افریقہ کو پہلے ٹسٹ میچ میں معین علی اوراسٹیون فن کی بہترین بولنگ کی بدولت آج 241 رنز سے شکست دے کر سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کرلی۔ جنوبی افریقہ کی ٹیم 416 رنز کے ہدف کے تعاقب میں یہاں میچ کے آخری روز 174 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ پانچویں دن کے کھیل کے آغاز پر جنوبی افریقہ کا اسکور 4 وکٹوں پر 136 رنزتھا، جس میں اے بی ڈی ولیئرز 37 اور ڈیل اسٹین 0 پر کھیل رہے تھے۔ تاہم ڈی ولیئرز اسکور میں کچھ اضافہ کئے بغیر پویلین لوٹ گئے۔ ڈی ولیئرز کے آؤٹ ہوتے ہی جنوبی افریقی بیٹسمین مسلسل آؤٹ ہوتے رہے۔ ٹمبا بووما اپنا کھاتہ کھولے بغیر 136 کے ٹیم اسکور پر ہی آؤٹ ہوگئے جبکہ اسٹین 2 رنز کا اضافہ کرسکے۔ جے پی ڈومینی واحد کھلاڑی تھے جو انگلش بولرز کا تنہا مقابلہ کررہے تھے اور آخری تین وکٹوں میں انھوں نے 36 رنز کا اضافہ کیا، جس میں مورنے مورکل کے ساتھ آخری وکٹ کیلئے 19 رنز کی شراکت بھی شامل رہی۔ مورکل8، کائل ایبٹ 2 رنز اور ڈین پیڈٹ صفر پر آؤٹ ہوئے۔ ڈومینی 26 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ انگلینڈ کی جانب سے فن نے 4 اور معین علی نے 3 وکٹیں حاصل کئے۔ اس سے قبل انگلینڈ نے اپنی دوسری اننگز میں 326 رنز بنائے تھے جبکہ پہلی اننگز میں 303 رنز کا اسکور کھڑا کیاتھا۔ ہاشم آملہ زیرقیادت جنوبی افریقی ٹیم پہلی اننگز میں بھی ناقص کاکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 214 رنز پر آؤٹ ہوگئی تھی حالانکہ ڈین ایلگر 118 رنز بنا کر اننگز کے اختتام پر ناٹ آؤٹ رہے تھے۔ انگلینڈ کے آف اسپنر معین علی نے میچ میں مجموعی طورپر 7 وکٹیں حاصل کئے، جس پر انھیں ’مین آف دی میچ‘ ایوارڈ حاصل ہوا۔ چار ٹسٹ میچوں کی سیریز کا دوسرا مقابلہ 2 جنوری سے کیپ ٹاؤن میں کھیلا جائے گا۔