پہاڑی شریف میں نامعلوم شخص کی نعش دستیاب

حیدرآباد ۔ /2 نومبر (سیاست نیوز) پہاڑی شریف پولیس اسٹیشن حدود میں آج صبح ایک نامعلوم شخص کی نعش دستیاب ہوئی ۔ پہاڑی شریف کے پولیس کے بموجب مقتول 40 سالہ شخص ہے جس کی نعش عمر کالونی کے قریب واقع ایک پلاٹ پر دستیاب ہوئی ۔ بتایا جاتا ہے کہ نعش کی موجودگی کی اطلاع پر پولیس کی ٹیم وہاں پہونچ کر مقام واردات کا معائنہ کیا اور ابتدائی تحقیقات میں یہ پتہ لگایا کہ نامعلوم شخص کا سر پر وزنی پتھر ڈال کر قتل کیا گیا ہے جبکہ اس کے ہاتھ رسی سے باندھ دیئے گئے اور چہرے پر سیلوفین ٹیپ لگادیا گیا ۔ پہاڑی شریف پولیس نے سٹی پولیس کے سراغ رسانی دستہ کلوز ٹیم کو مقام واردات پر طلب کرلیا اور ڈاگ اسکواڈ کی مدد سے علاقہ کا مکمل جائزہ لیا گیا ۔ پولیس نے بتایا کہ مقتول کے شرٹ پر وی آر اینڈ ٹیلرس چمپاپیٹ کا لیبل ہے اور اس کے قبضے سے شاستری پورم میں واقع ایک اے ٹی ایم کی سلپ بھی دستیاب ہوئی ۔ پولیس کو شبہ ہے کہ پرانی خصومت کے سبب یہ قتل کی واردات انجام دی گئی ۔ پہاڑی شریف پولیس نے اس سلسلے میں قتل کا مقدمہ درج کرکے نعش کو دواخانہ عثمانیہ کے مردہ خانہ منتقل کرتے ہوئے اسے محفوظ کردیا ۔