حیدرآباد۔ 3 نومبر (سیاست نیوز) پولیس پہاڑی شریف نے بے ر حمی سے قتل کئے گئے شخص کی شناخت کرلی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ 52 سالہ ایم برج موہن کا کل نامعلوم افراد نے قتل کرنے کے بعد اس کی نعش کو پہاڑی شریف کے حدود میں پھینک دیا تھا۔ برج موہن جو ایس پی آئی شاخ ملک پیٹ میں بحیثیت ڈپٹی مینیجر کام کرتا تھا، یکم نومبر سے لاپتہ تھا۔ اس کی بیوی انیتا نے چادر گھاٹ پولیس اسٹیشن میں اپنے شوہر کی گمشدگی کی شکایت درج کروائی تھی۔ پہاڑی شریف پولیس نے نعش سے دستیاب ثبوت اور ٹیلر کے لیبل اور اے ٹی ایم رسید کی بنیاد پر تحقیقات کا آغاز کرتے ہوئے آج اس کی شناخت کرلی۔ برج موہن کے ہاتھ پیر باندھ کر اس کے منہ پر ٹیپ لگا دیا گیا تھا اور وزنی پتھر ڈال کر اس کا بے رحمی سے قتل کردیا گیا تھا۔ پولیس پہاڑی شریف ہر زاویہ سے اس کیس کی تحقیقات کررہی ہے۔ ابتدائی تحقیقات میں پولیس نے پتہ چلایا کہ اراضی معاملہ اور خصومت کے سبب برج موہن کا قتل کردیا گیا ہوگا۔ پولیس مصروف تحقیقات ہے۔