حیدرآباد۔30 جون (سیاست نیوز) کمسن بچہ کے ناشتہ کا معاملہ تنازعہ کی شکل اختیار کرگیا جو ایک خاتون کی موت کا سبب بن گیا۔ یہ واقعہ شاہ عنایت گنج پولیس حدود میں پیش آیا جہاں 33 سالہ پر دیپا عرف دیپا نے پھانسی لے کر خودکشی کرلی۔ پولیس ذرائع کے مطابق وجیا گوشہ محل علاقہ کے ساکن آنند کی بیوی تھی، اس کا 4 سالہ لڑکا تھا، اکثر میاں بیوی میں ناشتہ پر جھگڑا ہوا کرتا تھا۔ وجپا اپنے کمسن کو روزانہ ناشتہ میں اڈلی دے کر اسکول روانہ کرتی تھی اور آنند کو یہ بات پسند نہیں تھی۔ آنند کا کہنا تھا کہ صرف اِڈلی کے استعمال سے اس کے بیٹے کی نشوونما متاثر ہوسکتی ہے اور وہ اپنی بیوی سے خواہش کرتا تھا کہ وہ اپنے بیٹے کو طاقتور چیزیں کھلائے۔ اس بات پر دونوں میں جھگڑا ہوا اور دیپا نے دلبرداشتہ ہوکر پھانسی لے کر خودکشی کرلی۔ پولیس شاہ عنایت گنج نے یہ بات بتائی اور مقدمہ درج کرتے ہوئے معاملہ کی کارروائی انجام دی۔