سیرمور۔11ستمبر( سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستان کی انڈر 18باسکٹ بال ٹیم کے کھلاڑی انمول سنگھ کے ہمراہ کلگیدھر سوسائٹی کے طلبہ نے فیبا کے خلاف احتجاج کیا ہے کیونکہ ایک مقامی مقابلے میں سکھ کھلاڑیوں کو پگڑی کا مسئلہ بناتے ہوئے امتیازی سلوک کا سامنا کرنا پڑا ہے ۔ علاوہ ازیں چین میں منعقدہ ایشین چمپئن شپ کے دوران سکھ کھلاڑیوں کو مقابلے میں شرکت کیلئے پگڑی اتارنے کا حکم دیا گیا تھا ۔ انٹرنیشنل باسکٹ بال فیڈریشن نے ہندوستانی سکھ باسکٹ بال کھلاڑیوں امرت پال سنگھ اور امجوت سنگھ کو ووہان میںمنعقدہ ایک مقابلے کے دوران پگڑی اتارنے کا حکم دیا تھا اور اس مسئلہ پر سوشل میڈیا اورانٹرنیٹ کے ذریعہ عوام نے اپنے شدید غصہ کا اظہار کیا تھا ۔ علاو ازیں ایشیاء انڈر 18چمپئن شپ کے افتتاحی مقابلے میں قطر کے خلاف بھی انمول سنگھ کو اسی طرح کے حالات کا سامنا کرنا پڑا ہے کیونکہ دوحہ کے عہدیداروں نے کہا تھا کہ انمول سنگھ اُس وقت تک مقابلے میں شرکت نہیں کرسکتے جب تک کہ وہ اپنی پگڑی نہ اتاردیں ۔