پکوان گیس صارفین سبسیڈی سے محروم

محبوب نگر /7 اپریل ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) پکوان گیاس منی ٹرانسفار اسکیم کا یکم جنوری سے ضلع بھر میں آغاز عمل میں آیا تھا ۔ 31 مارچ تک آدھار اور بنک کھاتوں کو آن لائین سے مربوط نہ کرنے والے صارفین کی تعداد ایک لاکھ سے زائد ہے اور یہ صارفین سبسیڈی سے محروم ہیں ۔ عوام میں خاطر خواہ تشہیر نہ ہونے کی وجہ سے صارفین آدھار کارڈ کی کاپی صرف گیاس ڈیلرس کو دے رہے ہیں ۔ لیکن متعلقہ بینک میں داخل نہیں کر رہے ہیں اور سبسیڈی سے محروم ہو رہے ہیں ۔ ضلع کے 53 گیاس ڈسٹری بیوٹرس کے پاس 501413 کنکشن ہیں ۔ آدھار اور بینک تفصیلات آن لائین سے مربوط کروانے والے صاریفن کی تعداد 397101 ہے ۔ یعنی تقریباً 80 فیصد صارفین ہی مطلوبہ کاغذات داخل کرکے آن لائین سے مربوط ہوئے ہیں جبکہ 104312 صارفین تاحال آدھار اور بنک کھاتوں کی تفصیلات آن لائین سے مربوط نہیں ہوسکے ہیں ۔ دوسری طرف صارفین کی عام شکایت ہے کہ بینک عہدیادر آدھار اور بینک اکاونٹ نمبر حوالے کرنے کے باوجود آن لائین سے مربوط کرنے میں تساہل سے کام لے رہے ہیں ۔ حکومت نے منی ٹرانسفر اسکیم کیلئے آن لائین سے مربوط ہونے کی مدت یکم جونری تا 31 مارچ مقرر کی تھی ۔ لیکن اب اس میں توسیع کرتے ہوئے 30 جون تک مہلت دی گئی ہے ۔ سید یسین ڈی ایس او نے بتایا کہ اب جبکہ مدت میں توسیع کی گئی ہے صارفین اس سے فائدہ اٹھائیں اور آن لائین سے مربوط ہوجائیں ۔