پکوان گیاس سلینڈرس کا غیر قانونی ذخیرہ بے نقاب

ایس او ٹی کی کارروائی ، 1100 سلینڈرس ضبط ، ڈیلر گرفتار
حیدرآباد /31 اکٹوبر ( سیاست نیوز ) سائبرآباد کے اسپیشل آپریشن پر آج اس وقت حیرت کا شکار ہوگئی جب مادھاپور کے علاقہ میں پکوان گیس سلینڈرز کے ایک غیر قانونی ٹھکانہ پر دھاوا کیا ۔ ایس او ٹی نے ایک اطلاع پر یہ کارروائی انجام دی ۔ پولیس ذرائع کے مطابق مادھاپور میں واقع چندرانائیک تانڈہ سے پولیس نے 1100 سو گھریلو گیس سلینڈر اور 19 کمرشیل سلینڈرز کو ضبط کرلیا جو مکمل طور پر غیر قانونی تھے اور ان کا استعمال بھی غیر قانونی طور پر کیا جارہا تھا ۔ تاہم ایس آئی ٹی کی اس کارراوئی سے مقامی پولیس کے ہوش بھی اڑ گئے کہ آیا مادھاپور پولیس بڑے پیمانے پر جاری اس غیر قانونی سرگرمی کا پتہ چلانے میں کیوں ناکام رہی یا پھر پولیس مادھاپور کے علم میں یہ ٹھکانا تھا اور جان بوجھ کر اس کو نظر انداز کر رہی تھی ۔ پولیس نے اس کارروائی میں ڈیلر پرنیت کو گرفتار کرلیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ اپنی گرفتاری کے فوری بعد اس نے پولیس کو اپنا بیان دیا ہے کہ اس نے تمام سلینڈر غیر قانونی طور پر حاصل کئے ہیں ۔ پولیس نے اس کے بیان پر بھی شبہ ظاہر کیا ہے اور پولیس ذرائع کے مطابق اس کی اس خطرناک حرکت میں محکمہ سیول سپلائیز کے عہدیداروں کے ملوث ہونے پر بھی شبہ ظاہر کیا جارہا ہے ۔ ایس آئی ٹی نے گرفتار ڈیلر کو سیول سپلائی عہدیداروں کے حوالے کردیا اور مادھاپور پولیس کے اشتراک سے مزید کی کارروائی جاری رہے گی ۔