پکوان کے دوران گیس کے اخراج سے 5افراد زخمی

حیدرآباد 19 فروری (سیاست نیوز) سائبرآباد کے علاقہ میلاردیو پلی میں پیش آئے ایک واقعہ میں پکوان کے دوران گیس کے اخراج کے باعث پانچ افراد بشمول دو کمسن بچے جھلس گئے۔ بتایا جاتا ہے کہ 40 سالہ بھارتی، 27 سالہ مہیش، 22 سالہ سنیتا، 7 سالہ نیتن اور 5 سالہ نکھل آج شام اپنے مکان واقع لکشمی نگر بنڈلہ گوڑہ میں اُس وقت جھلس گئے جب مکان میں پکوان کے دوران اچانک گیس کے اخراج کے باعث ہلکا سا دھماکہ ہوا۔ مقامی افراد نے پولیس کی مدد سے زخمی افراد کو دواخانہ عثمانیہ منتقل کیا گیا ہے جہاں پر وہ زیرعلاج ہیں۔

منڈل انجینئر آفیسر 1.62کروڑ کے اثاثہ کا مالک
حیدرآباد۔/19فبروری، ( پی ٹی آئی) انسداد رشوت ستانی عہدیداروں نے ایک پنچایت راج آفیسر کے مبینہ غیر محسوب اثاثہ جات کا پتہ چلایا ہے جو 1.62کروڑ ہے۔پولیس نے بتایا کہ انسداد رشوت ستانی محکمہ کے عہدیداروں نے منڈل انجینئرنگ آفیسر پنچایت راج ڈپارٹمنٹ ایم وی ست نارائنا کی رہائش گاہ اور ان کے رشتہ داروں کے مکانات پر بیک وقت دھاوے کئے۔ تلاشی کے دوران اے سی بی کے عہدیداروں نے 12مکانات، 5رہائشی فلیٹس، 52.5ایکر زرعی اراضی، ایک کیلو سونے کے زیورات، پانچ کیلو چاندی کے زیورات کے علاوہ گھریلو قیمتی اشیاء جن کی لاگت تقریباً 1.62کروڑ بتائی جاتی ہے پتہ چلایا۔ دستاویزی طور پر ان اشیاء کی قدر 5کروڑ بتائی جارہی ہے۔ ست نارائنا کے خلاف غیر محسوب اثاثہ جات کا کیس درج کیا گیا ہے۔