لیفٹ گورنر کرن بیدی سے نارائن سوامی کی ملاقات
پڈوچیری ۔ 30 ۔ مئی : ( سیاست ڈاٹ کام ) : کانگریس لیڈر وی نارائنا سوامی نے آج پڈوچیری کی لیفٹ گورنر کرن بیدی سے ملاقات کر کے مرکزی زیر انتظام علاقہ میں تشکیل حکومت کا دعویٰ پیش کردیا ۔ ہفتہ کے دن 15 رکنی کانگریس مقننہ پارٹی نے انہیں اپنا لیڈر منتخب کرلیا تھا جب کہ 30 رکنی اسمبلی میں ڈی ایم کے 2 ارکان کی انہیں تائید حاصل ہے ۔ راج نواس میں کرن بیدی سے ملاقات کے بعد نارائنا سوامی نے کہا کہ کانگریس مقننہ پارٹی لیڈر کی حیثیت سے ان کے انتخاب کا ایک مکتوب پیش کیا اور تشکیل حکومت کے لیے انہیں مدعو کرنے کی خواہش کی ۔ جس میں ڈی ایم کے ارکان کی حمایت کا بھی تذکرہ ہے ۔ چینائی میں کل نارائن سوامی نے صدر ڈی ایم کے مسٹر ایم کروناندھی سے ملاقات کر کے تشکیل حکومت کے لیے تائیدی مکتوب حاصل کیا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ بہت جلد نئی حکومت تشکیل دی جائے گی ۔ 69 سالہ نارائنا سوامی یو پی اے کی میعاد اول میں وزیر اعظم کے دفتر میں مملکتی وزیر تھے اور حالیہ اسمبلی انتخابات میں مقابلہ نہیں کیا اور ضمنی انتخابات میں اسمبلی کے لیے منتخب ہونے کی کوشش کریں گے وہ ایک لاء گریجویٹ ہیں اور 10 سالہ پرایکٹس کے بعد 1985 میں عملی سیاست میں داخل ہوئے اور 3 مرتبہ راجیہ سبھا کے رکن بھی رہ چکے ہیں ۔۔