پٹی سیما پراجیکٹ ‘تلنگانہ کے مفاد کے مغائر

تعمیر سے پولاورم پراجیکٹ کو بھی نقصان ممکن : پی گوردھن ریڈی
حیدرآباد /31 مارچ (سیاست نیوز) کانگریس کے رکن راجیہ سبھا پی گووردھن ریڈی نے پانی کی اجرائی کے معاملے میں تلنگانہ کو نظرانداز کرکے پٹی سیما پراجکٹ کی تعمیر کا آندھرا پردیش حکومت پر الزام عائد کیا۔ آج یہاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ چیف منسٹر آندھرا پردیش این چندرا بابو نائیڈو ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پٹی سیما پراجکٹ کی تعمیر کر رہے ہیں، جو تلنگانہ کے مفادات کے خلاف ہے اور اس کی تعمیر سے پولاورم پراجکٹ کو نقصان پہنچ سکتا ہے، کیونکہ دریائے گوداوری کے پانی کے استعمال میں تلنگانہ کے ساتھ ناانصافی ہوگی۔ انھوں نے چیف منسٹر تلنگانہ کے چندر شیکھر راؤ کو مشورہ دیا کہ ہوش کے ناخن لیں اور فوراً اس پراجکٹ کی تعمیر کے خلاف اپنا اعتراض پیش کریں، ورنہ تلنگانہ کو نقصان پہنچنے کی ذمہ دار ٹی آر ایس حکومت ہوگی۔ انھوں نے دریائے گوداوری کے پانی کے استعمال میں خصوصی دلچسپی لینے چیف منسٹر کو مشورہ دیا اور کہا کہ پرانہیتا چیوڑلہ پراجکٹ کو قومی پراجکٹ کا درجہ نہیں ملے گا، جس کی توثیق سنٹرل واٹر کمیشن نے کردی ہے۔ انھوں نے کہا کہ دریائے کرشنا کے پانی کی تقسیم پر قطعی فیصلہ ہونے تک پراجکٹس کی تعمیرات سے تلنگانہ کو نقصان ہوگا۔ انھوں نے حکومت پر تلنگانہ کی ترقی کے بلند بانگ دعووں کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ ٹی آر ایس کے انتخابی منشور میں عوام سے کئے گئے وعدوں میں سے ایک بھی وعدہ اب تک پورا نہیں کیا گیا۔ انھوں نے پٹی سیما پراجکٹ کا جائزہ لینے کے لئے کل جماعتی اجلاس طلب کرنے اور دریائے گوداوری پر سات پراجکٹس کی تعمیر کا حکومت سے مطالبہ کیا۔