پٹھان کوٹ میں تلاشی مہم ختم کچھ بھی مشتبہ نہیں پایا گیا

پٹھان کوٹ ۔ 28 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) پنجاب کے اس سرحدی ضلع میں مسلح افراد کی مشتبہ نقل و حرکت کے تعلق سے اطلاعات کے تناظر میں پٹھان کوٹ میں تلاشی آپریشن دو روز بعد آج ختم کردیا گیا۔ یہ وہی ضلع ہے جہاں جنوری میں آئی اے ایف کے اڈہ پر دہشت گردانہ حملہ دیکھنے میں آیا تھا۔ پٹھان کوٹ ایس ایس پی راکیش روشن نے آج شام بتایا کہ ہم تلاشی مہم ختم کرچکے ہیں کیونکہ کچھ بھی مشتبہ سرگرمی نہیں پائی گئی۔ انہوں نے کہا کہ دو روزہ آپریشن میں زائد از 12 گھنٹے تلاشی کا کام کیا گیا۔ پنجاب پولیس کے 200 سیکوریٹی پرسونل اور ہماچل پولیس کے 50 جوانوں نے اس آپریشن میں حصہ لیا لیکن کوئی بھی مشتبہ بات دیکھنے میں نہیں آئی۔ کل آرمی کنٹونمنٹ کے قریب تلاشی مہم چلائی گئی تھی۔