پٹھان بھائیوںکی کرکٹ اکیڈیمی کا قیام

ممبئی۔11ستمبر ( سیاست ڈاٹ کام )ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈرس یوسف پٹھان اور ان کے بھائی عرفان پٹھان نے آج اپنے آبائی شہر بڑودہ میں کرکٹ اکیڈیمی آف پٹھانس کا آغاز کیا ہے جب کہ اس اکیڈیمی میں آئندہ ماہ کے اواخرباضابطہ کرکٹ سرگرمیوں کا آغاز ہوجائے گا ۔پٹھان بھائیوںنے اس موقع پر کہا ہے کہ ان میں ہنوز پانچ تا سات برس کی کرکٹ باقی ہے ۔کرکٹ اکیڈیمی کے آغاز کے موقع پر یہاں میڈیا نمائندوں سے اظہار خیال کرتے ہوئے عرفان پٹھان نے کہا کہ کرکٹ اکیڈیمی کا قیام ایک عرصہ سے ہمارا مقصد رہا ہے کیونکہ ہم جس کھیل سے کامیاب ہوئے ہیں اُس کو واپس کچھ دیناچاہتے ہیں ۔ بائیں ہاتھ کے بولر نے مزید کہا کہ ان کی اکیڈیمی میں مختلف طرز پر کرکٹ کوچنگ دی جائے گی کیونکہ اکیڈیمی نے دوماڈیولس تیار کئے ہیں جو کہ 8اور 9ہفتے کی مدت میں مکمل کئے جائیں گے ۔عرفان پٹھان نے مزید کہا کہ انہوں نے چند اسکولوں کی شناخت بھی کرلی ہیں جہاں ٹریننگ کا منصوبہ بھی روبہ عمل لایا جائے گا ۔ اکیڈیمز کو ترقی دینے کے منصوبہ کے متعلق عرفان پٹھان نے کہا کہ آئندہ برس کے آغاز پر مزید تین شہروں میںاکیڈیمز قائم کرنے کا ارادہ ہے جب کہ 2015ء کے ختم تک ملک بھر میں 50اکیڈیمز کا قیام ان کے منصوبہ کا ایک حصہ ہے ۔ اکیڈیمز میں کوچنگ فیس 10تا 15ہزار روپئے مقرر کی گئی ہے اور ہر اکیڈیمی ریاستی کرکٹ اسوسی ایشن سے مسلمہ شناخت حاصل کرے گی ۔