پٹلم میں وظائف سے محروم افراد کا احتجاج

پٹلم 7 جنوری (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) مقامی سرپنچ مسٹر اے گنگارام کی قیادت میں وظائف سے محروم افراد نے منڈل آفس کے روبرو احتجاجی دھرنا منظم کیا۔ وظائف سے محروم افراد منڈل پرجا پریشد کے مقابل وظائف سے مطابق دستاویزات ہاتھوں میں تھامے کلکٹر کے انتظار میں ٹھہرے رہے ہیں۔ کلکٹر کے واپس پٹلم نہ آنے پر وظائف سے محروم افراد منڈل پرجا پریشد کے روبرو دھرنا منظم کرنے پر مجبور ہوگئے۔ احتجاجی دھرنے کے دوران منڈل پرجا پریشد کے صدر مسٹر رجنی کانت ریڈی، نائب صدر مسٹر نرسا گوڑ، کوآپشن ممبر شیخ کریم وغیرہ موجود تھے۔

ریچھ کے حملہ میں کسان شدید زخمی
بودھن 7 جنوری (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ورنی منڈل کے موضع چھ نمبر تانڈہ کے مضافات کے کھیتوں میں ایک کسان پر ریچھ نے اچانک حملہ کردیا۔ شدید زخمی کسان کو علاج معالجہ کے لئے گورنمنٹ ہاسپٹل نظام آباد منتقل کیا گیا۔ ذرائع کے بموجب جنگل سے متصل گنے کے کھیت سے اچانک ریچھ نمودار ہوا۔
سڑک حادثہ میں چار افراد زخمی
مکہ راج پیٹ 7 جنوری (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) توپران کے قریب تیز رفتار کار نے آگے جانے والی کار کو پیچھے سے ٹکر دے دی جس کے نتیجہ میں آگے کی کار میں سوار چار افراد زخمی ہوگئے۔ تفصیلات کے بموجب قومی شاہراہ 44 پر واقع موضع منیرآباد کے قریب توپران سے حیدرآباد جانے والی ایک کار کو پیچھے سے تیز رفتار دوسری کار نے ٹکر دے دی۔ جس کے نتیجہ میں آگے کی کار میں سوار چار افراد بشمول خواتین و بچے شدید زخمی ہوگئے۔ تمام زخمیوں کو بذریعہ ایمبولنس فوری طور پر ہاسپٹل منتقل کیا گیا۔ جن میں ایک کی حالت نازک بتائی گئی۔