پٹلم۔/17ستمبر، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) مستقر پٹلم کی جامع مسجد میں بروز چہارشنبہ بعد ظہر پٹلم مساجد کمیٹی کا ایک خصوصی اجلاس منعقد کیا گیا۔ مساجد کمیٹی کے صدر جناب محمد عبدالقدوس، نائب صدر جناب شیخ کریم و کمیٹی ممبران کی زیر صدارت عیدالضحی کے موقع پر قربانی کے جانور خریدی اور قریشی برادران کے انتظامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر مساجد کمیٹی کے صدر و نائب صدر ممبران نے طئے کیا کہ جانور کی خریدی میں صدر جناب عبدالقدوس، نائب صدر جناب شیخ کریم، معتمد جناب عبدالمجید، جناب شیخ احمد، جناب محی شادول ( بابا ) کی زیر نگرانی رہیں گی۔ ساتھ ہی ساتھ یہ بھی طئے کیا گیا کہ بروز ہفتہ 20ستمبر کو بعد ظہر قریشی برادران کا ایک اجلاس منعقد کیا جائے گا جس میں قربانی کے جانور کی کٹوتی قیمت طئے کئے جانے کا ارادہ ظاہر کیا گیا۔
آپریشن کے دوران مریض کی
موت پر تنازعہ
بودھن۔/17ستمبر، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) بودھن شہر کے ایک خانگی نرسنگ ہوم میں 48سالہ گنیش نامی شخص ہرنیا کے آپریشن کے دوران فوت ہوگیا۔ ڈاکٹر سنتوش ریڈی کے مطابق مریض کو آپریشن کے دوران اچانک دل کا دورہ پڑنے سے موت واقع ہوگئی۔ جبکہ متوفی کے رشتہ داروں نے ڈاکٹر پر لاپرواہی سے آپریشن کرنے کا الزام عائد کیا۔ متوفی کے رشتہ داروں اور ڈاکٹر کے درمیان طویل بات چیت کے بعد مفاہمت ہوگئی۔ اس واقعہ کی پولیس کو اطلاع ملنے کے بعد پولیس نے نعش کو پوسٹ مارٹم کیلئے سرکاری دواخانہ منتقل کردیا۔