نئی دہلی ۔ 21 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) اب جبکہ دہلی چناؤ کے لئے نامزدگی عمل آج اختتام پذیر ہوا، عام آدمی پارٹی سربراہ اروند کجریوال نے بی جے پی پر چوٹ کرتے ہوئے کہا کہ مرکز عوام کو اس دعویٰ کے ذریعہ ’’بے وقوف‘‘ بنا رہا ہے کہ انہوں نے ایندھن کی قیمتوں میں کمی لائی ہے حالانکہ ’’حقیقت بہت مختلف ہے‘‘۔ بی جے پی کو کرپشن پر قابو پانے میں ناکام ہوجانے کا موردالزام ٹھہراتے ہوئے کجریوال نے کہا کہ یہ حکومت غیرضروری ستائش حاصل کررہی ہیکہ اس نے پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کمی لائی ہے۔ لیکن حقیقت بالکلیہ مختلف ہے۔ انہوں نے ادعا کیا کہ گذشتہ سال جون میں بین الاقوامی مارکٹ میں خام تیل کی قیمتیں 115 امریکی ڈالر فی بیارل تھیں اور وہ گھٹ کر 47 ڈالر فی بیارل ہوچکی ہیں ۔لہٰذا پٹرول کی قیمت تو 35 روپئے فی لیٹر ہونا چاہئے تھا لیکن یہ ایندھن ہنوز 60 روپئے فی لیٹر کی شرح پر فروخت کیا جارہا ہے۔ انہوں نے پالم اور آرکے پورم علاقوں میں اپنی انتخابی ریالیوں کے دوران کہاکہ اگر ڈیزل اور پٹرول کی قیمتوں میں اسی مناسبت سے کٹوتی کی جاتی تو عام اشیاء کی قیمتیں آسمان کو نہیں چھوتیں، جس سے عام آدمی کی زندگی دوبھر ہوگئی ہے۔ میووں ، ترکاریوں کی قیمتوں میں کمی ہونا چاہئے تھا۔