میڑچل پولیس کی کارروائی، مسروقہ رقم ضبط
حیدرآباد 20 جنوری (سیاست نیوز) میڑچل پولیس نے پٹرول پمپ ڈکیتی کی واردات کو حل کرتے ہوئے 7 افراد کو گرفتار کرلیا اور ان کے قبضہ سے 2 لاکھ 60 ہزار روپئے ضبط کرلئے۔ جبکہ مزید تین افراد مفرور بتائے گئے ہیں۔ پولیس میڑچل نے اپنی 35 دن کی طویل مشقت کے بعد اس ڈکیتی کو حل کرلیا جو ہیت ویلی علاقہ کے ساکن پٹرول پمپ پر انجام دی گئی تھی۔ پولیس نے ہر زاویہ سے تحقیقات اور بین ریاستی ٹولی کے شبہ کے زاویہ سے بھی اس جانب تحقیقات کو انجام دیا تاہم پٹرول پمپ عملہ کی جانب جب توجہ مبذول کی گئی تو پولیس نے بہ آسانی اس ڈکیتی کو حل کرلیا اور 23 سالہ ہوم گارڈ شنکر بشمول دیگر افراد 27 سالہ سنتوش کمار، 28 سالہ نلہ راجو، 28 سالہ سنجیوا ریڈی، 34 سالہ بھاسکر، 39 سالہ وینکٹیش، 38 سالہ ستیہ نارائنا کو گرفتار کرلیا اور تین افراد شرون، مہیش اور مہپال مفرور بتائے گئے ہیں۔ پولیس نے بتایا کہ 12 ڈسمبر کے دن اس پٹرول پمپ سے 22 لاکھ 91 ہزار 436 روپیوں کی ڈکیتی انجام دی گئی ہے۔ پولیس نے بتایا کہ اس پٹرول پمپ میں کام کرنے والے منیجر ستیہ نارائنا نے منصوبہ تیار کیا تھا۔ پٹرول پمپ کی رقم کو اپنے ذاتی اخراجات کے لئے استعمال کرنے کے بعد رقمی لین دین اور حساب سے جڑے فرق کو پورا کرنے کی خاطر دوسرے ملازمین اور کارتیک نامی شخص جوکہ پٹرول پمپ مالک کا رشتہ دار ہے دیگر نے منصوبہ تیار کیا اور ڈکیتی کی واردات کو انجام دیتے ہوئے 22 لاکھ سے زائد رقم کے سرقہ کی افواہ پھیلادی۔ پولیس جو پہلے تحقیقات کررہی تھی، پٹرول پمپ ملازمین کی اطلاع کے مطابق چل رہی تھی۔ تاہم مسلسل ناکامی کے بعد پولیس میڑچل کو احساس ہوا کہ کہیں پٹرول پمپ کا عملہ انھیں غلط تو باور نہیں کرایا ہے۔ اس احساس کے بعد پولیس نے جیسے ہی شک کے دائرے کو پٹرول پمپ ملازمین کی طرف گھمایا تو سارا مسئلہ حل ہوگیا۔