پٹرول پمپس مشینوں میں ہائی ٹیک چوری

حیدرآباد۔/29جنوری، ( سیاست نیوز) شہر کے پٹرول پمپس کی مشینوں میں پٹرول کی سربراہی کیلئے مقررہ لیٹر اور قیمت کے الیکٹرانک میٹرس میں چِپس کے ذریعہ چھیڑ چھاڑ کرتے ہوئے پٹرول بچاکر صارفین کو دھوکہ دیا جارہا تھا۔پولیس نے پٹرول پمپس کے بعض ملازمین کے بشمول بین ریاستی ٹولی کے پانچ ارکان کو گرفتار کرلیا ہے۔ سائبرآباد پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے پتہ چلایا کہ پٹرول پمپس کی مشینوں کے الیکٹرانک میٹرس کو اندرونی طور پر پٹرول کم سربراہ کرتے ہوئے صارفین کو درست میٹرس بتانے کی تیکنک استعمال کی جارہی تھی۔

یہ ملزمین پٹرول فلنگ مشینوں میں سافٹ ویر Chips نصب کرکے صارفین کو پٹرول کم سربراہ کررہے تھے۔ مشینوں پر آویزاں الکٹرانک میٹرس میں صارفین کو ان کی مطلوب مقدار کے مطابق پٹرول بتایا جارہا تھا۔ دراصل انہیں کم پٹرول مل رہا تھا۔ اس طرح کی دھوکہ دہی کو پولیس نے آج ختم کردیا۔ سائبرآباد پولیس کمشنر سی وی آنند نے کہا کہ پٹرول پمپس کے بعض ملازمین کے علاوہ دیگر افراد کو گرفتار کیا گیا ہے جن میں محمد حفظ الباری اور دیگر چار شامل ہیں۔ باری اس کے بھائی فیصل اور دیگر ملزمین نے پٹرول پمپس میں سافٹ ویر چپس نصب کئے تھے۔ حیدرآباد اور سائبرآباد کے علاوہ وجئے واڑہ، مشرقی گوداوری میں بھی یہ لوگ پٹرول پمپس کے ملازمین سے ساز باز کرکے چپس لگائے تھے۔ شریک ملزم شیبو کے تھامس جو ہندوستان پٹرولیم لمیٹیڈ ممبئی میں سرویس میکانک کے طور پر کام کرتا ہے سافٹ ویر تیار کیا تھا۔پولیس نےICs 600 چپس ضبط کرلئے ہیں۔